رسائی کے لنکس

تمام وزرا بجلی، گیس اور پانی کے بل خود ادا کریں گے: شہباز شریف کا اعلان


پاکستان کے وزیرِ اعظم شہبا زشریف نے کہا کہ سادگی مہم کے تحت کابینہ کے اراکین اپنے بجلی، گیس اور پانی کے بلز خود بھریں گے جب کہ لگژری گاڑیاں بھی واپس کی جائیں گی جنہیں نیلام کیا جائے گا۔

بدھ کو وفاقی وزیرِ خزانہ اسحق ڈار سمیت دیگر وزرا کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاملات طے پانے والے ہیں۔لیکن اس کے بعد ملک میں مہنگائی مزید بڑھے گی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سادگی مہم کے تحت تمام وزرا غیر ملکی سرکاری دوروں پر بزنس کلاس کے بجائے اکانومی کلاس میں ہوائی سفر کریں گے۔ جس سے سالانہ 766 ملین ڈالر کی بچت ہو گی۔

اُن کا کہنا تھا کہ وزرا سے اضافی گاڑیاں واپس لی جائیں گی اور ان کے پاس سیکیورٹی کے لیے صرف ایک گاڑی ہو گی جب کہ وزرا غٰیر ملکی دوروں کے دوران فائیو اسٹار ہوٹلز میں بھی نہیں ٹھہریں گے۔

وزرا، معاونین خصوصی اور مشیروں سے رضاکارانہ طور پر تنخواہیں اور مراعات واپس لے لی جائیں گی۔آئندہ برس جون تک لگژری گاڑیوں اور دیگر پرتعیش اشیا کی خریداری پر مکمل پابندی عائد ہو گی۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بچت پلان کے تحت سالانہ 200 ارب روپے بچائے جائیں گے۔

اُن کے بقول گرمیوں میں سرکاری دفاتر کے اوقات صبح ساڑھے سات بجے سے شروع ہوں گے۔ تمام وزارتوں، سرکاری محکموں، متعلقہ ڈویژنز اپنے اخراجات میں 15 فی صد کمی کریں گے۔

شہبا زشریف نے توشہ خان کا ریکارڈ پبلک کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ 80 ہزار سے زائد مالیت کا تحفہ توشہ خانہ میں رکھا جائے گا۔

وزیرِ اعظم کے بقول منی بجٹ میں لگائے جانے والے نئے ٹیکسز زیادہ تر بڑی کمپنیوں پر لگائے گئے ہیں جب کہ کوشش کی گئی ہے کہ عام آدمی کو اس سے بچایا جائے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اُنہوں نے ایک کمیٹی بنا دی ہے جو اس بات کا جائزہ لے گی کہ حکومت اور وزرا اپنے اخراجات کم کرنے کے لیے مزید کیا اقدامات کر سکتے ہیِں۔

اُن کا کہنا تھا کہ سادگی مہم امیر طبقے سے یہ تقاضا کرتی ہے کہ وہ آگے بڑھے اور سادگی اپنائے۔

حکومت کی جانب سے سادگی مہم کا آغاز ایسے وقت میں ہوا ہے جب پاکستان کو شدید معاشی مشکلات کا سامنا ہے اور آئی ایم ایف نے حکومت سےاپنے اخراجات گھٹانے اور آمدنی بڑھانے کے لیے سخت شرائط رکھی ہیں۔

XS
SM
MD
LG