امریکی ریاست الاسکا میں ایک چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا ہے جس کے نتیجے میں ایک سابق سینیٹر ہلاک ہو گئے ہیں۔
ریاست کے نیشنل گارڈز کا کہنا ہے کہ پیر کو رات گئے ہونے والے اِس حادثے میں کچھ مسافر ہلاک ہوجانے کا خدشہ ہے۔ طیارے میں نو افراد سوار تھے۔ یہ طیارہ ڈلنگھام کے جنوب مغربی قصبے کے قریب گِرا۔ ایسوسیٹڈ پریس نے ایک فیملی ممبر کے حوالے سے اس خبر کی تصدیق کردی ہے کہ اس حادثے میں الاسکا کے سابق سینیٹر ٹیڈ اسٹیونز بھی ہلاک ہوگئے۔ ٹیڈ اسٹیونز 40 سال ریاست الاسکا کی امریکی سینیٹ میں نمائندگی کرتے رہے اور 2008 کے انتخاب میں ہار گئے۔ وہ سینیٹ میں سب سے طویل عرصے ممبر رہنے والے ریپبلیکن تھے۔ سینیٹر اسٹوینز 1978 میں ایک جہاز کے حادثے میں بچ گئے تھے لیکن انکی اہلیہ اسی حادثے میں ہلاک ہوگئی تھیں۔ سینیٹر نے اسکے بعد دوسری شادی کرلی تھی۔
عہدے داروں نے بتایا کہ خراب موسمی صورتِ حال کے باعث بچاؤ کے عملے کو جائے حادثہ تک پہنچنے میں دشواری درپیش ہے۔
بڑے رقبے اور کم آبادی والی اِس ریاست میں دو ہفتوں کے اندر یہ طیارے کا تیسرا حادثہ ہے۔