رسائی کے لنکس

السٹر کک کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان


انگلستان کی کرکٹ ٹیم کے کپتان السٹر کک ہاتھ میں ایشز تھامے ہوئے۔ فائل فوٹو
انگلستان کی کرکٹ ٹیم کے کپتان السٹر کک ہاتھ میں ایشز تھامے ہوئے۔ فائل فوٹو

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین السٹر کک نے بھارت کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

ایک بیان میں السٹرکک کا کہنا ہے کہ انہوں نے کئی ماہ تک غور وخوض کے بعد بھارت کے خلاف سیریز کے اختتام پر ریٹائر ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

انگلش بیٹسمین کا کہنا ہے کہ میں نے سوچ سے بڑھ کر حاصل کیا، انگلش ٹیم کے ساتھ طویل عرصہ کرکٹ کھیلنا میرے لئے اعزاز کی بات ہے اور اپنے ساتھی کرکٹرز کے ساتھ دوبارہ ڈریسنگ روم شیئر نہ کرنے کی سوچ اس فیصلے کا مشکل ترین پہلو ہے لیکن میں سمجھتا ہوں کہ یہی مناسب وقت ہے۔

33 سالہ السٹر کک ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے چھٹے بیٹسمین ہیں۔ تاہم رواں سال 9 ٹیسٹ میچوں میں اُن کے رنز بنانے کی اوسط صرف 18 اعشاریہ 62 رہی ہے جو انگلش بیٹسمین کے لئے کافی تکلیف دہ بات رہی ہے جس کی وجہ سے انہوں نے بھارت کے خلاف اوول ٹیسٹ کے بعدبین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

السٹر کک کا شمار انگلینڈ کے بہترین اوپننگ بیٹسمینوں میں کیا جاتا ہے۔ کک نے 2006ء میں بھارت کے خلاف ناگپور میں اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میں سنچری اسکور کی جبکہ سن دوہزار دس اور گیارہ میں جب انگلینڈ نے 20 سال بعد آسٹریلیا میں ایشز سیریز جیتی تو السٹر کک کو پلیئر آف دی سیریز قرار دیا گیا۔

2012ء میں السٹر کک کی قیادت میں انگلش ٹیم نے بھارت میں ٹیسٹ سیریز اپنے نام کی۔ اس سیریز میں کک نے تین سنچریاں اسکور کیں۔

السٹر کک 160 ٹیسٹ میچوں میں 44 اعشاریہ 88 کی اوسط سے مجموعی طور پر 12 ہزار 252 رنز بنا چکے ہیں اور کوئی بھی دوسرا انگلش بیٹسمین ان کے قریب نہیں آ سکا جبکہ کک کی سنچریوں کی تعداد 32 اور نصف سنچریاں 56 ہے۔

السٹر کک کی قیادت میں انگلش ٹیم نے 59 ٹیسٹ کھیلے، 24 جیتے اور 22 ہارے جبکہ 13 بے نتیجہ رہے۔

XS
SM
MD
LG