رسائی کے لنکس

نیپال: تباہ شدہ امریکی ہیلی کاپٹر سے تمام آٹھ لاشیں برآمد


واشنگٹن میں صدر براک اوباما نے امریکی ہیلی کاپٹر کے عملے کی ہلاکت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انھیں بین الاقوامی سطح پر انسانی خدمت کا جذبہ رکھنے والے لوگ قرار دیا۔

نیپال کی فوج نے کہا ہے کہ منگل کو گر کر تباہ ہونے والے امریکی فوجی کاپٹر کے ملبے سے تمام آٹھ لاشیں نکال لی گئی ہیں۔

حکام نے ہفتہ کو بتایا کہ امریکہ اور نیپال کے فوجی جائے وقوع پر موجود ہیں اور ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والے واقعے کا کھوج لگانے میں مصروف ہیں۔

یہ ہیلی کاپٹر نیپال میں زلزلہ متاثرین کی امدادی سرگرمیوں میں مصروف تھا کہ منگل کو اچانک لاپتا ہوگیا۔ جمعہ کو اس کا ملبہ چین کی سرحد کے قریب ایک پہاڑی علاقے سے ملا۔ ہیلی کاپٹر پر چھ امریکی اور دو نیپالی فوجی سوار تھے جن میں سے کوئی بھی زندہ نہیں بچا۔

امریکی میرین کے ایک کمانڈر کا کہنا تھا کہ جس علاقے میں ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوا وہ جنگلات سے ڈھکا ہوا بہت سے دشوار گزار علاقہ ہے۔

جنرل ویلر نے کہا کہ " جہاں ہم اپنے اہلکاروں اور نیپال کی فوجیوں کی ناگہانی موت پر افسردہ ہیں، وہیں ہمیں اس بات کا ادراک ہے کہ نیپالی عوام نے اپنے ہزاروں لوگوں کو بھی کھویا ہے۔"

انھوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نیپال میں امدادی کاموں میں مصروف امریکی ٹیمیں " جب تک دوستوں کو ضرورت ہوگی نیپال کے ساتھ کھڑی رہیں گی۔"

جمعہ کو واشنگٹن میں صدر براک اوباما نے امریکی ہیلی کاپٹر کے عملے کی ہلاکت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انھیں بین الاقوامی سطح پر انسانی خدمت کا جذبہ رکھنے والے لوگ قرار دیا۔

"ہماری دعائیں، میرینز اور دو نیپالی فوجیوں کے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔۔۔ وہ اس دور افتادہ علاقے میں ہولناک زلزلے سے متاثر ہونے والوں کی مدد کے لیے گئے تھے۔ وہ انھوں نے اس حقیقت کی ترجمانی کی جو دنیا بھر میں ہمارے کام کا رہنما اصول ہے کہ جب بھی دوستوں کو ضرورت ہو امریکہ مدد کرتا ہے۔"

XS
SM
MD
LG