رسائی کے لنکس

صدر علوی آئینی حد میں رہیں، اپنے دفتر کو بلیک میلنگ کا اڈا نہ بنائیں: وزیرِ داخلہ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کے وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ صدرِ مملکت الیکشن کمیشن کو غیر قانونی و غیر آئینی احکامات پر مجبور نہیں کر سکتے اس لیے وہ آئین کی حد میں رہیں اور اپنے دفتر کو بلیک میلنگ کا اڈا نہ بنائیں۔

صدر عارف علوی نے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات سے متعلق تاریخ دینے کے لیے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کوپیر کو ایوانِ صدر میں مدعو کیا تھا البتہ الیکشن کمیشن نے اجلاس میں آنے سے معذرت کر لی ہے۔

وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے پیر کو سوشل میڈیا پر ایک بیان میں کہا کہ صدر علوی 'آ بیل مجھے مار' والے کام نہ کریں اور خوامخواہ معاملے میں ٹانگ نہ اڑائیں۔

انہوں نے کہا کہ "الیکشن کی تاریخ دینے سے صدر کا کوئی لینا دینا نہیں ہے۔الیکشن کمیشن آپ کا غلام نہیں کہ جو آپ کہیں وہ مانے۔"

رانا ثناءاللہ کے بقول عمران خان نے معیشت، خارجہ تعلقات اور قومی مفادات کو نقصان پہنچایا۔ اب ریاستی سربراہ کے منصب کو سازش کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔

سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید نے پیر کو بذریعہ خط صدار کے دفتر کو آگاہ کیا تھا کہ الیکشن کمیشن کے حکام اجلاس میں شرکت نہیں کر سکتے۔

خط کے متن کے مطابق پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات کی تاریخ سے متعلق معاملات عدالتوں میں زیرِ التوا ہیں اس لیے الیکشن کمیشن ایوانِ صدر میں پیر کو ہونے والے اجلاس میں شرکت نہیں کرے گا۔

XS
SM
MD
LG