رسائی کے لنکس

ایمیزون کا پہلا ہائی ٹیک گراسری سپر اسٹور کھل گیا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

کیا آپ کسی ایسے اسٹور کا تصور کر سکتے ہیں کہ جہاں کھانے پینے اور روزمرہ ضروریات کی اشیا شیلفوں میں سلیقے سے رکھی ہوئی ہوں۔ آپ اپنی پسند کی چیزیں چن کر اپنی ٹرالی میں رکھیں۔ لیکن خریداری مکمل کرنے کے بعد آپ کو ادائیگی کے لیے کاؤنٹر جانے کی ضرورت نہ ہو۔ آپ جیسے ہی دروازے سے باہر نکلیں تو آپ کی تمام خریداری کا بل خود بخود آپ کے کریڈٹ کارڈ کو چلا جاتا ہو۔

یہ کوئی سائنس فکشن نہیں ہے۔ جادو نگری بھی نہیں ہے۔ بلکہ یہ جدید دور کی خریداری کا ایک نیا تصور ہے۔ جس میں آپ کا واسطہ کم سے کم لوگوں سے پڑتا ہے۔ آپ اپنی آزادی سے خریداری کرتے ہیں اور لمبی قطاروں میں لگے بغیر ایک خودکار طریقے سے قیمت چکا دیتے ہیں۔

اس طرز کا ایک پہلا سپر گراسری اسٹور امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس کے مضافاتی علاقے وڈلینڈ ہلز میں کھولا گیا ہے۔ یہ اسٹور آن لائن خرید و فروخت کی سب سے بڑی امریکی کمپنی 'ایمیزون' نے قائم کیا ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ جلد ہی کیلی فورنیا میں اس انداز کے سات ہائی ٹیک گراسری سپر اسٹور قائم کرے گی۔

جمعرات کو کھولے جانے والے اس پہلے ہائی ٹیک ڈیجیٹل اسٹور کا نام ایمیزون فریش گراسری اسٹور ہے۔ یہاں اعلی معیار کے آرگینک تازہ پھل، سبزیاں، کھانے پینے اور روزمرہ ضرورت کی دیگر ہزاروں اشیا رکھی گئی ہیں۔

فی الحال اس اسٹور میں صرف انہی لوگوں کو آنے کی اجازت ہے جنہیں اسٹور نے کارڈ جاری کیے ہیں۔

ایمیزون کا کہنا ہے کہ آنے والے ہفتوں میں اس کا دائرہ بڑھا دیا جائے گا اور زیادہ سے زیادہ صارفین ڈیجیٹل اسٹوروں پر آزادی اور آسانی سے کم وقت میں خریداری کر سکیں گے۔

ہائی ٹیک ڈیجیٹل اسٹور کا طریقہ کار بڑا دلچسپ ہے۔ اسٹور میں داخل ہونے پر صارف کو ایک ڈیجیٹل ٹرالی ملتی ہے، جس میں دو بڑے شاپرز کے مساوی سامان رکھنے کی گنجائش ہوتی ہے۔

ٹرالی کا الیکٹرانک سسٹم اس میں ڈالی جانے والی ہر چیز پر نظر رکھتا ہے۔ جیسے ہی آپ ٹرالی میں کوئی چیز ڈالتے ہیں، وہ اس کی قیمت اسکین کر کے آپ کے بل میں شامل کر دیتا ہے۔

اگر آپ کوئی چیز ٹرالی سے نکالتے ہیں تو خودکار سسٹم اسے آپ کے بل سے منہا کر دیتا ہے۔ جب آپ اسٹور سے باہر نکلتے ہیں تو ٹرالی میں موجود تمام چیزوں کا مجموعی بل آپ کے کریڈٹ کارڈ کو چلا جاتا ہے۔ جس سے آپ کا وہ وقت بچ جاتا ہے جو ادائیگی کے لیے کاؤنٹر کی قطار میں کھڑے ہو کر انتظار کرنے میں صرف ہوتا ہے۔

ایمیزون نے 2017 میں ایک بڑے گراسری اسٹور 'ہول فوڈز مارکیٹ' کے 500 اسٹور اپنی تحویل میں لیے تھے اور ان میں سے 20 سے زیادہ اسٹورز میں جدید نظام نصب کیا جا چکا ہے۔ وہ کم خریداری کرنے والے صارفین کو ادائیگی کے لیے کاؤنٹر پر جانے کی ضرورت نہیں پڑتی۔

ایمیزون نے وڈلینڈ ہلز کے جس سپر گراسری اسٹور کو ہائی ٹیک ڈیجیٹل اسٹور میں تبدیل کیا ہے، اس کا رقبہ 35 ہزار مربع فٹ ہے۔

اسٹور کا ایک اور دلچسپ پہلو یہ ہے کہ اس میں پک اپ اور واپسی کے کاؤنٹر بھی کوئی انسان موجود نہیں ہے۔ وہاں ایمیزون کا کمپیوٹرائزڈ وائس سسٹم 'الیکسا' آپ سے مخاطب ہوتا ہے اور آپ کو مطلوبہ سروسز فراہم کرتا ہے۔

کرونا وائرس کی وبا کے دوران، جب کہ زیادہ تر کاروباروں کو آمدنی میں کمی کا سامنا ہے، ایمزان کی آن لائن خریدو فروخت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

XS
SM
MD
LG