رسائی کے لنکس

امریکہ: مارٹن لوتھر کنگ کی سالگرہ کی تقریبات


واشنگٹن میں قائم مارٹن لوتھر کنگ جونیئر کی یادگار
واشنگٹن میں قائم مارٹن لوتھر کنگ جونیئر کی یادگار

تمام امریکیوں کے لیے مساوی حقوق کے حصول کی جدوجہد کرنے پر کنگ جونیئر کو 1964ء میں امن کے 'نوبیل' انعام سے نوازا گیا تھا۔

امریکہ میں شہری آزادیوں اور سیاہ فام باشندوں کے حقوق کے لیے جدوجہد کرنے والے آنجہانی رہنما مارٹن لوتھر کنگ جونیئر کی سال گرہ پیر کو ملک بھر میں منائی جارہی ہے۔

اس سال کنگ جونیئر کی سالگرہ کی تقریبات اور صدر براک اومابا کی دوسری مدتِ صدارت کے لیے حلف برداری کی عوامی تقریب ایک ہی روز ہورہی ہیں جس کے باعث دارالحکومت واشنگٹن اور ملک کے دیگر حصوں میں خاصا جوش و خروش پایا جاتا ہے۔

کنگ جونیئر ایک عیسائی پادری اور 1950ء اور 60ء کی دہائیوں میں چلنے والی عدم تشدد کی اس تحریک کے روحِ رواں تھے جس کا مقصد امریکی معاشرے میں سیاہ فام افراد کے ساتھ روا رکھے جانے والے امتیازی سلوک کو ختم کرکے انہیں یکساں حقوق دلانا تھا۔

عدم تشدد پر یقین رکھنے والے مارٹن لوتھر کنگ جونیئر 4 اپریل 1968ء کی شب امریکی ریاست ٹینیسے کے شہر میمفس میں اس وقت پراسرار انداز میں لگنے والی گولی سے ہلاک ہوگئے تھے جب وہ اپنے ہوٹل کی بالکونی میں کھڑے تھے۔

قتل کے وقت کنگ جونیئر کی عمر محض 39 برس تھی اور وہ مزدوروں کے حقوق کے لیے نکالے جانے والے ایک جلوس کی قیادت کے لیے میمفس پہنچے تھے۔

کنگ جونیئر ایک انقلابی رہنما کی حیثیت سے اس وقت امریکہ کے قومی افق پر ابھرے تھے جب انہوں نے بسوں میں سیاہ فاموں کے ساتھ روا رکھے جانے والے امتیازی سلوک کے خلاف ریاست الباما کے شہر منٹگمری میں ایک کامیاب جلوس نکالا تھا۔

'سیگریگیشن' کے نام سے جانے جانے والے اس نظام کے تحت امریکہ کے سیاہ فام باشندے مسافر بسوں کی پچھلی نشستوں پر بیٹھنے کے پابند تھے اور تمام نشستیں پْر ہونے کی صورت میں انہیں اپنی نشست بعد میں سوار ہونے والے سفید فام باشندوں کے لیے خالی کرنا پڑتی تھی۔

تمام امریکیوں کے لیے مساوی حقوق کے حصول کی جدوجہد کرنے پر کنگ جونیئر کو 1964ء میں امن کے 'نوبیل' انعام سے نوازا گیا تھا۔

بعد ازاں اسی برس امریکہ کے اس وقت کے صدر لنڈن جانسن نے شہری حقوق کے تاریخی قانون پر دستخط کیے تھے جس کے تحت عوامی مقامات پر نسلی امتیاز غیر قانونی قرار پایاتھا۔

مارٹن لوتھر کنگ جونیئر کی ایک وجہِ شہرت 1963ء میں 'میرا ایک خواب ہے (آئی ہیو اے ڈریم)' کے عنوان سے کی جانے والی ان کی وہ تاریخی تقریر بھی ہے جس نے نہ صرف امریکہ بلکہ دنیا بھر کے کروڑوں انسانوں کو نسلی امتیاز کے خلا ف صف آرا کردیا تھا۔

کنگ جونیئر کی سال گرہ ہر برس 21 جنوری کو امریکہ میں سرکاری سطح پر منائی جاتی ہے اور اس روز ملک بھر میں عام تعطیل ہوتی ہے۔
XS
SM
MD
LG