رسائی کے لنکس

افغانستان سے اغوا غیر ملکی خاندان پاکستان سے بازیاب


فائل
فائل

پاکستانی فوج کے بیان کے مطابق ان افراد کو 2012ء میں مسلح افراد نے افغانستان میں اغوا کیا گیا تھا اور انہیں اس عرصے کے دوران وہیں رکھا گیا تھا۔

پاکستان فوج نےامریکی انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مغربی ممالک سے تعلق رکھنے والے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کو بازیاب کرالیا ہے جنہیں 2012ء میں افغانستان سے اغوا کیا گیا تھا۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جمعرات کو جاری ایک بیان کے مطابق بازیاب کرائے گئے افراد میں ایک کینیڈین شہری، اس کی امریکی بیوی اور تین بچے شامل ہیں۔

ان افراد کو 2012ء میں مسلح افراد نے افغانستان میں اغوا کیا گیا تھا اور انہیں اس عرصے کے دوران وہیں رکھا گیا تھا۔

بیان کے مطابق امریکی خفیہ اداروں نے رواں ہفتے پاکستان کے انٹیلی جنس حکام کو آگاہ کیا تھا کہ ان افراد کو قبائلی علاقے کرم ایجنسی کے راستے افغانستان سے پاکستان منتقل کیا جارہا ہے جس پر پاکستانی فوج نے کارروائی کرکے ان افراد کو بازیاب کرالیا۔

پاک فوج کا کہنا ہے کہ تمام مغوی مکمل طور پر محفوظ ہیں اور انہیں ان کے ممالک بھجوا دیا گیا ہے۔

تاہم بیان میں اغواکاروں سے متعلق کچھ نہیں بتایا گیا اور نہ ہی اس بارے میں کوئی معلومات دی گئی ہیں کہ آیا ان لوگوں کو کسی مقابلے کے بعد بازیاب کرایا گیا یا ان کے اغوا کار انہیں کہیں چھوڑ کر فرار ہوگئے تھے۔

پاک فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس آپریشن کے کامیابی سے بروقت انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے کی اہمیت ثابت ہوتی ہے۔

پاکستان میں اس سے قبل بھی کئی غیرملکی شہریوں کو اغوا کرنے کی وارداتیں پیش آچکی ہیں جن میں سے بعض کو ان کے اغوا کاروں نے قتل کردیا تھا جب کہ بعض کو سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں یا تاوان کی ادائیگی کے بعد رہائی ملی۔

XS
SM
MD
LG