رسائی کے لنکس

انجلینا جولی پھر ہٹ، باکس آفس لوٹ لیا


انجلینا جولی نے گزشتہ جمعہ کو ریلیز ہونے والی اپنی نئی فلم ’میلفیشنٹ‘ میں جادوگرنی کا کردار ادا کیا ہے۔ یہ کردار بھی ایسا ہٹ ہوا ہے کہ امریکی باکس آفس پر ریلیز ہونے والی دوسری فلمیں پیچھے رہ گئی ہیں

ہالی وڈ کی میگا ہیروئن انجلینا جولی اپنی نئی ہٹ فلم ’میلفیشنٹ‘ میں خود ولن بنی ہیں اور باکس آفس رپورٹس بتا رہی ہیں کہ انجلینا کا ولن کا ’اوتار‘ بھی اتنا ہی ہٹ رہا ہے جتنی کامیاب وہ بطور ہیروئن ہیں۔ اس بات کا واضح ثبوت یہ ہے کہ ’میلفیشنٹ‘ ریلیز کے بعد صرف تین دنوں میں سات کروڑ ڈالر کما کر امریکی باکس آفس پر چھا گئی ہے۔

ویب سائٹ ’باکس آفس‘ کے مطابق، ’میلفیشینٹ‘ والٹ ڈزنی کی 1959ءمیں بنائی گئی کامیاب ترین فلم ’سلیپنگ بیوٹی‘ کا نیا روپ ہے جس میں انجلینا جولی نے مکار جادوگرنی کا کردار بہت عمدگی سے نبھایا ہے۔

انجلینا کی خاص بات یہ ہے کہ انہوں نے اپنے کردار میں جو مزاحیہ ٹچ دیا ہے اس نے تھیڑ کا رخ کرنے والے بچوں اور بڑوں سب ہی کے دل موہ لئے ہیں اور دوران فلم بچے ڈرتے ڈرتے ہنس پڑتے ہیں۔

انجلینا جولی نے فلم کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اتنے سالوں سے سنجیدہ رول کرتے کرتے ا ب وہ کچھ ایسا کرنا چاہتی تھیں جس میں کچھ پاگل پن، کچھ مزہ اور کچھ ہٹ کر ہو اور ’میلفیشینٹ‘ کے کردار نے ان کی یہ خواہش پوری کردی۔

انجلینا نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ’میلفیشینٹ‘ کا رول قبول کرنے کے لئے ان کے چھ بچوں نے نہ صرف اصرار کیا، بلکہ کیریکٹر کے لئے مخصوص آواز بنانے میں بھی مدد دی اور جب انہوں نے فلم دیکھی تو وہ بہت خوش ہوئے۔

والٹ ڈزنی کو پروڈکشن کی ’میلفیشینٹ‘ 200 ملین ڈالرز سے تیار کی گئی ہے جو جمعے کو امریکا بھر میں ریلیز کی گئی۔ فلم کی مارکینٹنگ کے لئے والٹ ڈزنی نے زبردست تحریک چلائی اور میک کی ’میلفیشینٹ‘ کاسمیٹکس، کپڑے اور شوز متعارف کرائے جن کو ڈیزائن کیا تھا اسٹیلا میک کارٹنی نے۔

فلم سے جڑے تمام عملے اور کاسٹ کی شب و روز محنت کا ہی نتیجہ ہے کہ ’میلفیشنٹ‘ نے ریلیزکے تین ہی دنوں میں سات کروڑ ڈالر کا بزنس کرکے امریکی باکس آفس پر موجود دو دیگر فلموں ’ایکس مین ڈیزآف فیوچرپاسٹ‘ اور ’اے ملین ویزٹوڈائی ان دی ویسٹ‘ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

’ایکس مین‘۔۔۔ نے تین کروڑ چھبیس لاکھ کمائے اور دوسرے نمبر پر رہی جبکہ ’اے ملین ویز ٹو ڈائی ان دی ویسٹ‘ نے اسی مدت میں ایک کروڑ اکہتر لاکھ ڈالر سمیٹے اور تیسرے نمبر پر رہی۔
XS
SM
MD
LG