رسائی کے لنکس

پاکستان میں کرونا وائرس سے مزید 136 افراد ہلاک


پاکستان میں جمعرات کو کرونا وائرس سے کم از کم 136 افراد ہلاک ہو گئے جب کہ 4640 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی۔

منگل کو بھی 136 ہلاکتیں ہوئی تھیں لیکن خدشہ ہے کہ جمعرات کی اموات زیادہ ہو جائے گی کیونکہ ان میں اسلام آباد کے اعداد و شمار شامل نہیں ہیں۔

پاکستان میں مسلسل چوتھے دن سو سے زیادہ اموات ہوئی ہیں۔ ملک میں 8 جون کو پہلی بار ایک دن میں سو سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے تھے۔ تب سے اب تک 11 دن میں ہلاکتوں کی تعداد 1156 ہوگئی ہے۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1540 مریضوں کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا جب کہ 63 مریض دم توڑ گئے۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق صوبے میں ایک دن میں سب سے زیادہ 48 اموات ہوئیں اور 2286 کیسز سامنے آئے۔

خیبرپختونخوا میں 18 مریض چل بسے جب کہ 506 افراد کے وائرس میں مبتلا ہونے کا علم ہوا۔ بلوچستان میں 6 اموات ہوئیں اور 204 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں 29 اور گلگت بلتستان میں 12 نئے مریضوں کا پتا چلا۔ کرونا وائرس میں مبتلا گلگت بلتستان کے وزیر زراعت حاجی جانباز خان انتقال کر گئے۔

مجموعی طور پر پاکستان میں 164758 مریض سامنے آ چکے ہیں اور 3229 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔ پنجاب میں اموات کی تعداد 1265، سندھ میں 964، خیبرپختونخوا میں 773، بلوچستان میں 99، اسلام آباد میں 94 اور گلگت بلتستان میں 19 ہے۔ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں 15 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں 61052 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ ان میں سب سے زیادہ سندھ کے 31034 اور پنجاب کے 17892 افراد شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG