پاکستان میں بدھ کو کرونا وائرس نے کم از کم 112 افراد کی جان لے لی۔ اس طرح مسلسل تیسرے دن سو سے زیادہ اموات ہوئی ہیں، جبکہ گزشتہ دس دن میں ہلاکتوں کی تعداد 1020 تک پہنچ گئی ہے۔
چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 4963 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔ یاد رہے کہ ان میں اسلام آباد کے اعدادوشمار شامل نہیں ہیں۔ وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ روز 385 مریضوں کا علم ہوا تھا اور سات ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی تھیں۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق، بدھ کو صوبے میں 53 مریض چل بسے جبکہ 1899 نئے کیسز معلوم ہوئے۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق، 24 گھنٹوں میں 30 اموات ہوئیں اور 2115 افراد کا ٹیسٹ مثبت آیا۔
خیبرپختونخوا میں منگل کی طرح بدھ کو بھی 24 مریض دم توڑ گئے۔ صوبائی محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ مزید 506 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ بلوچستان میں 4 اموات ہوئیں اور 357 کیسز سامنے آئے۔
گلگت بلتستان میں 49 اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں 37 افراد کا ٹیسٹ مثبت رہا۔ گلگت بلتستان میں ایک مریض بھی چل بسا۔
پاکستان میں پیر کو کرونا وائرس سے 111 افراد اور منگل کو 136 افراد کا انتقال ہوا تھا جو 24 گھنٹوں میں ہلاکتوں کی سب سے زیادہ تعداد تھی۔
ملک میں 8 جون کو پہلی بار 24 گھنٹوں میں 100 سے زیادہ مریض ہلاک ہوئے تھے۔ تب سے اب تک 10 روز میں 1020 اموات ہوچکی ہیں۔
مجموعی طور پر پاکستان میں 159723 مریض سامنے آچکے ہیں اور 3087 ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔ پنجاب میں اموات کی تعداد 1202، سندھ میں 916، خیبرپختونخوا میں 755، بلوچستان میں 93، اسلام آباد میں 90 اور گلگت بلتستان میں 18 ہے۔ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں 13 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
امید افزا بات یہ ہے کہ ملک بھر میں 59215 افراد شفایاب ہوچکے ہیں۔ ان میں سب سے زیادہ سندھ کے 29693 اور پنجاب کے 17825 افراد شامل ہیں۔