رسائی کے لنکس

دہشت گردی کے خلاف آل پارٹیز کانفرنس طلب کرلی گئی


وزیر اعظم کی ہدایت پر وزیر داخلہ نے مختلف سیاسی پارٹیوں کے رہنماوٴں سے رابطہ کیا اور انہیں آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی، جس کا اجلاس نو ستمبر کو اسلام آباد میں ہوگا

کراچی ۔۔۔۔۔۔ ملک میں دہشت گردی کے خلاف اقدامات کے لئے آل پارٹیز کانفرنس طلب کرلی گئی ہے۔ کانفرنس وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی ہدایت پر پیر 9 ستمبر کو طلب کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق،
کانفرنس سے متعلق تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماوٴں سے رابطے کی ذمے داری وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے سونپی گئی ہے، جنہوں نے جمعرات کو مختلف سیاسی پارٹیوں کے رہنماوٴں سے رابطہ کیا اور انہیں آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔

ان جماعتوں میں تحریک انصاف کے رہنما عمران خان، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ، متحدہ قومی موومنٹ کے فاروق ستار، جمعیت علمائے اسلام ف کے مولانا فضل الرحمٰن، جماعت اسلامی کے منور حسن، عوامی نیشنل پارٹی کے اسفند یار ولی، پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے محمود احمد خان اچکزئی، مسلم لیگ ق کے چوہدری شجاعت حسین، مسلم لیگ فنکشنل کے امتیاز شیخ شامل ہیں۔

آل پارٹیز کانفرنس 9 ستمبر کو وزیر اعظم ہاوٴس اسلام آباد میں صبح 11 بجے شروع ہو گی۔

کانفرنس میں شرکت کے لئے مختلف رہنماوٴں نے یقین دہانی کرائی ہے خاص کر تحریک انصاف کی ترجمان ڈاکٹر شیریں مزاری کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ پارٹی کے چیئرمین عمران خان نے آل پارٹیز میں شرکت کے لئے رضامندی کا اظہار کیا ہے۔

ادھر، اے این پی کے رہنما اسفند یار ولی نے کانفرنس میں شرکت سے معذرت کرلی ہے۔

اُن کا کہنا ہے کہ اے این پی کی تنظیم تحلیل ہوچکی ہے، لہذا اب ان کی بجائے حاجی عدیل کو شرکت کی دعوت دی جائے۔
XS
SM
MD
LG