کوپا امریکہ کے فائنل میں ارجنٹائن نے میزبان برازیل کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو کے ماراکانا اسٹیڈیم میں ہفتے کو کھیلے گئے فائنل میں اسٹار کھلاڑی لیونل میسی کی ٹیم بالآخر 28 برس بعد کوئی بڑا ٹائٹل جیتنے میں کامیاب رہی۔
میچ کے دوران پہلے ہاف کے 21 ویں منٹ میں ارجنٹائن کے کھلاڑی ڈی ماریا نے ایک خوبصورت پاس پر گول داغ کر اپنی ٹیم کو ایک گول کی برتری دلائی جو میچ کے آخر تک برقرار رہی۔
برازیل کی جانب سے ارجنٹائن کی برتری کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی اور ایک موقع پر برازیل کی ٹیم نے پانچ اسٹرائکرز کے ساتھ ارجنٹائن کی ٹیم پر دباؤ بڑھایا۔ لیکن گول کرنے میں ناکام رہی۔
ارجنٹائن کی فتح کپتان لیونل میسی کے لیے بھی کسی اعزاز سے کم نہیں ہے۔ کیوں کہ انہوں نے ایک دہائی سے زائد عرصے بعد اس جرسی میں پہلا ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔
میچ کے اختتام پر ارجنٹائن کی ٹیم نے بھرپور انداز میں جشن منایا اور پوری ٹیم کپتان کے ارد گرد جمع ہو گئی اور انہیں کندھوں پر اٹھا لیا۔
ارجنٹائن کی ٹیم نے 15 ویں مرتبہ کوپا امریکہ کا ٹائٹل اپنے نام کیا ہے اور وہ اب تک سب سے زیادہ ٹائٹل جیتنے والے یورا گوئے کے برابر آ گئی ہے۔
کوپا امریکہ کا ٹائٹل اپنے نام کرنے پر ارجنٹائن کے مداحوں نے بھرپور انداز میں جشن منایا اور وہ سڑکوں پر نکل آئے۔
اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں ادارے 'رائٹرز' سے لی گئی ہیں۔