رسائی کے لنکس

برازیل نے پرو کو 0-1 سے شکست دے کر کوپا امریکہ کے فائنل میں جگہ بنا لی


دفاعی چیمپئن برازیل نو مرتبہ کوپا امریکہ کا ٹائٹل اپنے نام کر چکا ہے۔
دفاعی چیمپئن برازیل نو مرتبہ کوپا امریکہ کا ٹائٹل اپنے نام کر چکا ہے۔

دنیائے فٹ بال کا تیسرا بڑا ایونٹ کوپا امریکہ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔ میزبان برازیل نے پرو کو سیمی فائنل میں 0-1 سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو کے نلٹن سانتو اسٹیڈیم میں پیر کو کھیلے جانے والے میچ میں دفاعی چیمپئن برازیل کی ٹیم پرو پر حاوی رہی۔

میچ کے 35 ویں منٹ میں برازیل کے اسٹار فٹ بالر نیمار کے پاس پر لوکار پاکیوٹا نے گول کیا اور اس طرح پہلے ہاف کے اختتام تک برازیل کو پرو پر ایک صفر کی برتری حاصل رہی۔

میچ کے دوسرے ہاف میں پرو نے مخالف ٹیم کے گول پوسٹ پر کئی حملے کیے۔ پرو کے اسٹرائیکر گینلوکا لپاڈولا نے دوسرے ہاف کے چوتھے منٹ میں ایک زبردست کک لگائی لیکن برازیل کے گول کیپر ایڈرسن نے ان کی اس کوشش کو ناکام بنا دیا۔

اس طرح دوسرے ہاف میں بھی پرو کی ٹیم کوئی گول نہ کر سکی اور مقررہ وقت کے اختتام تک برازیل کی سبقت برقرار رہی اور اس نے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

ایونٹ کا دوسرا سیمی فائنل ارجنٹینا اور کولمبیا کے درمیان بدھ کو کھیلا جائے گا اور کامیاب ہونے والی ٹیم 11 جولائی کو میراکانا اسٹیڈیم​ میں برازیل سے فائنل میں مدِ مقابل ہو گی۔

یاد رہے کہ دو سال قبل اسی گراؤنڈ میں کوپا امریکہ کے فائنل میچ میں برازیل نے پرو کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر نویں مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

چودہ جون سے شروع ہونے والے ایونٹ میں جنوبی امریکہ کی فٹ بال ایسوسی ایشن کی دس رکن ٹیمیں شریک تھیں جنہیں دو گروپس میں تقسیم کیا گیا تھا۔

گروپ 'اے' میں میزبان برازیل، کولمبیا، ایکواڈور، پرو اور وینزویلا کی ٹیمیں شامل تھیں جب کہ گروپ 'بی' ارجنٹینا، بولیویا، چلی، پیراگوئے اور یوروگوائے کی ٹیموں پر مشتمل تھا۔

ایونٹ میں قطر اور آسٹریلیا کو بطور میزبان مدعو کیا گیا تھا لیکن کرونا وائرس اور ایونٹ کی میزبانی سے متعلق بے یقینی کی وجہ سے دونوں میزبان ٹیمیں دست بردار ہو گئی تھیں۔

جنوبی امریکہ کی فٹ بال گورننگ باڈی کونمیبول نے کوپا امریکہ کے آغاز سے دو ہفتے قبل ہی ایونٹ کے انعقاد کے لیے برازیل کا انتخاب کیا تھا۔ اس سے قبل یہ ایونٹ مشترکہ طور پر ارجنٹینا اور کولمبیا میں شیڈول تھا۔

اس خبر میں شامل بعض معلومات خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' سے لی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG