|
ویب ڈیسک — پیراگوئے نے 2026 ورلڈ کپ کوالیفائنگ کے لیے کھیلے جانے والے میچ میں دفاعی چیمپئن ارجنٹائن کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے دی۔
پیراگوئے کی میزبانی میں جمعے کو کھیلے جانے والے میچ میں ارجنٹائن کے لوتارو مارٹنیز نے پہلے ہاف کے گیارہویں منٹ میں ہی گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔ لیکن یہ برتری صرف دو منٹ تک ہی برقرار رہی۔
پیراگوئے کے انتونیو سنابریا نے 19ویں منٹ میں ایک زبردست کک لگا کر بال کو جال میں ڈالا لیکن امپائر نے ابتدا میں اسے آف سائیڈ قرار دیا لیکن ریویو کے بعد اسے گول قرار دیا گیا۔
سنابریا کے گول کے بعد دونوں ٹیموں کے گولز کی تعداد ایک، ایک سے برابر ہو گئی اور دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کی جانب سے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر حملے جاری رہے۔
پہلے ہاف کے دوران تماشائی اپنے پسندیدہ کھلاڑی اور ارجنٹائن کے کپتان لیونل میسی کی جانب سے گول کا انتظار کرتے رہے۔ لیکن پہلے ہاف میں انہیں گول کرنے کا صرف ایک ہی موقعہ ملا اور وہ بھی وائڈ رہا۔
دوسری جانب پیراگوئے کے کھلاڑیوں کو گول کرنے کے کئی مواقع ملے۔ دوسرے ہاف کے شروع میں ہی گوستاو گومیز نے اپنے سر سے گیند کو ارجنٹائن کے گول پوسٹ کی طرف اچھالا لیکن بال نیٹ کے پلر سے ٹکرا کر پیچھے چلی گئی۔
میچ کے 47ویں منٹ میں پیراگوئے کے عمر الدیریٹ نے گول کر کے اپنی ٹیم کو 1-2 کی برتری دلائی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔
دوسرے ہاف میں دونوں ٹیموں نے گول کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن میچ کے اختتام تک کوئی ٹیم مزید کوئی گول نہ کر سکی۔
اس طرح دفاعی چیمپئن ارجنٹائن کو ملک سے باہر کھیلے جانے والے میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
ارجنٹائن کی شکست کی باوجود وہ پوائنٹس ٹیبل پر 22 پوائنٹس کے ساتھ سرِ فہرست ہے جب کہ پیراگوئے نے تین پوائنٹس حاصل کر لیے ہیں اور پوائنٹس ٹیبل پر 16 پوائںٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔
واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کے لیے جنوبی امریکہ کے 10 ممالک پر مشتمل گروپ میں ارجنٹائن، برازیل، چلی، کولمبیا، ایکواڈور، پیراگوئے، پرو، یوروگوئے، وینزویلا اور بولیویا شامل ہیں۔
اس گروپ میں شامل ہر ٹیم مجموعی طور پر 18 میچز کھیلے گی اور ہر ٹیم مخالف ٹیم کے خلاف دو میچز کھیلے گی جن میں ایک ہوم اور ایک اوے میچ شامل ہے۔
جنوبی امریکی ممالک پر مشتمل اس گروپ میں سے ابتدائی چھ ٹیمیں ورلڈ کپ 2026 کے لیے براہِ راست کوالیفائنگ مرحلے میں پہنچ جائیں گی۔
اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر سرِفہرست ارجنٹائن اور کولمبیا ہیں جب کہ ہمیشہ مضبوط سمجھی جانے والی برازیل کی ٹیم کا تیسرا نمبر ہے۔
اس خبر میں شامل بعض معلومات خبر رساں ادارے 'رائٹرز' سے لی گئی ہیں۔
فورم