رسائی کے لنکس

ارجنٹائن نے ریکارڈ 16ویں بار کوپا امریکہ ٹائٹل اپنے نام کر لیا


  • کوپا امریکہ کے فائنل میں ارجنٹائن نے کولمبیا کے خلاف ایک صفر سے کامیابی کی ہے۔
  • مقررہ وقت میں کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی تھی اس لیے میچ کے لیے اضافی وقت دیا گیا۔
  • ارجنٹائن کے کپتان لیونل میسی دوسرے ہاف میں زخمی ہونے کے سبب میدان سے باہر چلے گئے تھے۔
  • کوپا امریکہ کا فائنل میامی کے یارڈ راک اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔
  • تماشائیوں کی بغیر ٹکٹ کے میدان میں داخلے کی کوشش کے سبب میچ لگ بھگ ڈیڑھ گھنٹے تاخیر کا شکار ہوا۔

ارجنٹائن نے کوپا امریکہ کے فائنل میں کولمبیا کو ایک صفر سے شکست دے کر ریکارڈ 16ویں بار ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔

ارجنٹائن نے 2021 میں بھی کوپا امریکہ کا ٹائٹل جیتا تھا جس کے بعد اس کی ٹیم 2022 کے ورلڈ کپ کی فاتح تھی۔ یوں یہ ارجنٹائن کی چار برس میں تیسری بڑی کامیابی ہے۔

فائنل میچ تماشائیوں کی بغیر ٹکٹ کے گراؤنڈ میں داخل ہونے کی کوشش کے سبب ہونے والی ہنگامہ آرائی سے میچ تاخیر کا بھی شکار ہوا اور لگ بھگ ڈیڑھ گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہو سکا۔

مقررہ وقت کے دوران دونوں ٹیمیں کوئی بھی گول نہ کر سکیں جس کے بعد اضافی وقت دیا گیا۔

اضافی وقت کے دوران 112ویں منٹ میں ارجنٹائن کے لوتارو مارتینز نے گول کیا جو ان کی ٹیم کی فتح کی وجہ بنا۔

میچ کے دوران ارجنٹائن کے کپتان لیونل میسی کی ٹانگ زخمی ہونے کے سبب وہ میدان سے باہر چکے گئے تھے۔

میچ کے دوسرے ہاف میں 64ویں منٹ میں میسی انجری کا شکار ہوئے تھے۔ وہ جس وقت گراؤنڈ سے اسٹینڈز کی جانب بڑھ رہے تھے تو ان کی آنکھوں میں آنسو تھے۔

ارجنٹائن کے لوتارو مارتینز نے جب اضافی وقت میں گول داغا تو وہ بھی دوڑتے ہوئے اسٹینڈز پر موجود اپنے کپتان کے پاس گئے اور ان سے داد وصول کی۔

لیونل میسی نے ارجنٹائن کی 16ویں بار کوپا امریکہ میں کامیابی کا جشن سینئر کھلاڑیوں کو میدان میں بلا کر منایا۔

ارجنٹائن کے نکولس اوتامندی اور اینجل ڈی ماریا قومی ٹیم سے ریٹائر ہونے والے کھلاڑی ہیں۔ میسی نے ان دونوں کو بلایا اور ان کے ہمراہ ٹرافی ہوا میں بلند کی۔

(اس رپورٹ میں خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ سے معلومات شامل کی گئی ہیں۔)

XS
SM
MD
LG