رسائی کے لنکس

ارشد ندیم کی پاکستان آمد: 'ناکامی سوتیلی ہوتی ہے کامیابی کے ہزاروں رشتے نکل آتے ہیں'


لاہور ایئر پورٹ سے روانگی پر پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل لینے والے ارشد ندیم کو ڈبل ڈیکر بس پر سوار مداحوں کے نعروں کا جواب دے رہے ہیں۔ بائیں جانب ان کے والد بھی موجود ہیں۔
لاہور ایئر پورٹ سے روانگی پر پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل لینے والے ارشد ندیم کو ڈبل ڈیکر بس پر سوار مداحوں کے نعروں کا جواب دے رہے ہیں۔ بائیں جانب ان کے والد بھی موجود ہیں۔
  • ارشد ندیم کی پاکستان آمد پر لاہور کے علامہ اقبال ایئر پورٹ پر استقبال کے لیے بڑی تعداد میں مداح موجود تھے۔
  • ارشد ندیم کو ڈبل ڈیکر بس پر سوار کیا گیا تاکہ بڑی تعداد میں موجود مداحوں کے استقبال کا جواب دے سکیں۔
  • پاکستان کے صدر کی طرف سے ارشد ندیم کے لیے ہلالِ امتیاز کا اعلان کیا گیا ہے۔

ویب ڈیسک — فرانس کے شہر پیرس میں ہونے والے اولمپکس میں پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم جیولین تھرو مقابلے میں گولڈ میڈل جیت کر ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب لاہور پہنچے جہاں ان کے استقبال کے لیے بڑی تعداد میں مداح موجود تھے۔

لاہور کے علامہ اقبال ایئر پورٹ پر ہفتے کو رات گئے ارشد ندیم کے استقبال کے لیے ہزاروں مداحوں کے علاوہ حکومتی شخصیات، سرکاری حکام اور سابق کھلاڑی بھی موجود تھے۔

اس کے علاوہ ارشد ندیم کے آبائی علاقے میاں چنوں سے خصوصی طور پر حکومت کی طرف سے دو بسیں ان کے عزیز و اقارب کو لے کر ایئر پورٹ پہنچی تھیں۔

پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس میں جیولین تھرو مقابلے میں نہ صرف گولڈ میڈل جیتا بلکہ زیادہ دور نیزہ پھینکنے کا اولمپکس کی تاریخ کا نیا ریکارڈ بھی قائم کیا ہے۔

پاکستان کو اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے میں 40 سال کیوں لگ گئے؟
please wait

No media source currently available

0:00 0:03:53 0:00

لاہور ایئر پورٹ پر مداحوں کی بڑی تعداد موجود ہونے کے سبب ارشد ندیم کو ڈبل ڈیکر بس پر سوار کیا گیا اور ارشد ندیم نے بس پر سوار ہو کر مداحوں کا شکریہ ادا کیا اور ہاتھ اٹھا کر عوام کے نعروں کا جواب دیا۔

بعد ازاں ارشد ندیم کا قافلہ ان کے آبائی شہر میاں چنوں کے لیے روانہ ہوا۔

ارشد ندیم کی پاکستان واپسی پر جہاں ایئر پورٹ پر بڑی تعداد میں ان کے مداح موجود تھے، وہیں سوشل میڈیا پر بھی پاکستانی شہریوں نے ہیرو کو خراج تحسین پیش کیا اور 40 برس بعد پاکستان کے اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر خیالات کا اظہار کیا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر صارف میرو نے ارشد ندیم کے گھر اور ایئر پورٹ پر ان کے استقبال کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ناکامی سوتیلی ہوتی ہے، کامیابی کے ہزاروں رشتے نکل آتے ہیں۔

صارف ماریہ کا ارشد ندیم کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہنا تھا شان پاکستان، فخر پاکستان۔

ایکس صارف قادر خواجہ نے سابق پاکستانی کرکٹر مشتاق احمد کی ویڈیو شیئر کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم ہمارا فخر ہے۔ اس کے پاس کوئی سہولیات نہیں تھیں لیکن اس نے پاکستان کے لیے کر دکھایا۔

سابق کرکٹر احمد شہزاد کا کہنا تھا کہ ایئر پورٹ پر عوام کا سمندر ثابت کرتا ہے کہ اس فتح کی ہمارے لیے کیا اہمیت ہے۔

ایکس صارف ڈاکٹر فاریہ کا کہنا تھا کہ اور کیا چاہیے ہمیں اس یوم آزادی پر۔

خیال رہے کہ صدر آصف علی زرداری کی طرف سے ارشد ندیم کے لیے ہلال امتیاز کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ صوبائی حکومتوں، اداروں اور دیگر افراد کی طرف سے بھی ارشد ندیم کے لیے نقد انعامات کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پیرس اولمپکس 2024 میں جیولین تھرو میں بھارت کے نیرج چوپڑا کو فیورٹ سمجھا جا رہا تھا۔ لیکن ان کی تھرو 90 میٹر سے بھی کم رہی جب کہ ارشد ندیم نے دو بار 90 میٹر سے زائد تھرو پھینکی۔ ان کی تھرو 92.97 میٹر طویل تھی جو کہ اولمپکس کی سو سالہ تاریخ میں بھی ایک ریکارڈ ہے۔

XS
SM
MD
LG