بھارت نے ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے ایک میچ میں روایتی حریف پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
ہفتہ کو بنگلہ دیش میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی جس کی پوری ٹیم اٹھارہویں اوورز میں 83 رنز بنا کر آوٹ ہوگئی۔
بھارت نے مقررہ ہدف سولہویں اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
اس میچ کا شائقین کرکٹ کو بے صبری سے انتظار تھا اور پاکستان کے تقریباً تمام بڑے شہروں میں بڑی بڑی سکرینز لگا کر میچ دکھانے کا انتظام کیا گیا تھا۔
لیکن پاکستانی بلے بازوں کی انتہائی ناقص کارکردگی سے شائقین خاصے مایوس ہوئے۔ ابتدائی بلے باز محمد حفیظ چار اور شرجیل خان سات رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔
سرفراز احمد وہ واحد بلے باز تھے جو 25 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
بھارت کی طرف سے پانڈیا نے تین، جدیجہ نے دو، نہرا، بومرا اور یووراج نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں بھارتی بلے باز جب میدان میں اترے تو پاکستانی باولر محمد عامر نے انھیں آڑے ہاتھوں لیا اور پہلے ہی اوور میں دو کھلاڑیوں کو پویلین بھیج دیا۔
تیسرے آوٹ ہونے والے کھلاڑی رائنا تھے جو صرف ایک رنز بنا سکے۔ ویرات کوہلی اور یووراج نے ذمہ داری کے ساتھ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کے لیے ہدف کے حصول کو آسان بنایا۔
کوہلی جب 49 رنز بنا کر آوٹ ہوئے تو بھارت کو فتح کے لیے صرف آٹھ رنز درکار تھے۔ لیکن اگلے آنے والے بلے باز پانڈیا آتے ہی کیچ آوٹ ہوگئے۔
تاہم بھارت نے سولہویں اوورز میں یہ ہدف حاصل کر کے میچ اپنے نام کر لیا۔ یووراج سنگھ 17 اور کپتان مہندر سنگھ دھونی سات رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔
ویرات کوہلی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
پاکستان کی طرف سے محمد عامر نے تین اور محمد سمیع نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان اب اپنا اگلا میچ پیر کو متحدہ عرب امارات کے ساتھ کھیلے گا جب کہ بھارت یکم مارچ کو سری لنکا کے خلاف میدان میں اترے گا۔
اس مرتبہ ایشیا کپ میں کھیل کی نوعیت کو تبدیل کیا گیا ہے اور اب یہ 50 اوورز کی بجائے 20 اوورز کی ٹی ٹوئنٹی طرز پر کھیلا جا رہا ہے۔
ٹی ٹوئنٹی کی عالمی درجہ بندی میں بھارت سرفہرست ہے جب کہ پاکستان چھٹے نمبر پر ہے۔