رسائی کے لنکس

افغانستان کا بھارت کو 253 رنز کا ہدف، محمد شہزاد کی سنچری


افغان بیٹسمین محمد شہزاد سنچری بنانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے
افغان بیٹسمین محمد شہزاد سنچری بنانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے

وکٹ کیپر اور بیٹسمین محمد شہزاد کی دھواں دار سنچری کی بدولت افغانستان نے سپر فور مرحلے کے پانچویں میچ میں بھارت کو جیت کے لئے253رنز کا ہدف دیا ہے۔

دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں افغانستان کے کپتان اصغر افغان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ابتدا میں درست ثابت ہوا۔

اوپنرز محمد شہزاد اور جاوید احمدی نے 65 رنز کا پراعتماد آغاز فراہم کیا۔ لیکن جاوید احمدی سست رفتار بیٹنگ کرکے 30 گیندوں پر صرف 5 رنز بناکر شہزاد کا ساتھ چھوڑ گئے۔

نئے بیٹسمین رحمت شاہ کو صرف 3 رنز پر جدیجا نے کلین بولڈ کیا۔ اس وقت ٹیم کا مجموعی اسکور 81 رنز تھا۔

کلدیپ یادیو نے لگاتار دو گیندوں پر حشمت اللہ شاہدی اور اصغر افغان کو آؤٹ کرکے حریف ٹیم کو مشکل میں ڈال دیا۔ لیکن، محمد شہزاد نے غلام نبی کے ساتھ پانچویں وکٹ کی شراکت میں 50 رنز جوڑ کر ٹیم کو کسی حد تک ریلیف دیا۔ اس پارٹنرشپ میں بیشتر رنز محمد شہزاد کے رہے۔

غلام نبی بھی بھارتی اسپنرز کے سامنے بے بس نظر آئے اور 46 گیندوں کا سامنا کرکے صرف 15 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

اس دوران محمد شہزاد نے دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی سنچری مکمل کی جو ایک روزہ میچوں میں اُن کی پانچویں سنچری ہے۔

محمد شہزاد اور محمد نبی بھارتی بولرز کا جم کر سامنا کیا اور چھٹی وکٹ کی شراکت میں 48 رنز بنائے۔اس موقع پر محمد شہزاد 116 گیندوں پر سات چھکوں اور گیارہ چوکوں کی مدد سے برق رفتار 124 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

دوسری جانب محمد نبی نے بھی تیزی سے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا ۔وہ 64رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

محمد نبی کے آؤٹ ہونے کے بعد افغانستان کے رنز بنانے کی رفتار سست پڑگئی اور آخری پانچ اوورز میں صرف 24 رنز بنے۔

یوں افغان ٹیم نے مقررہ پچاس اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 252 رنز بنائے۔

بھارت کی جانب سے رویندرا جدیجا تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے۔ کلدیپ یادیو نے دو جبکہ کیدر جادیو، خلیل احمد اور دیپک چاہر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

XS
SM
MD
LG