رسائی کے لنکس

بنگلہ دیش سے شکست، پاکستان ایشیا کپ سے باہر


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کے خلاف فتح حاصل کرکے میزبان بنگلہ دیش نے ٹورنامنٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے جہاں 6 مارچ کو اس کا مقابلہ بھارت سے ہوگا۔

بنگلہ دیش میں جاری ایشیا کپ کے آٹھویں میچ میں میزبان ٹیم نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا ہے۔

بدھ کو ڈھاکہ میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو 130 رنز کا ہدف دیا تھا جو بنگلہ دیش نے 1ء19 اوور میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر بآسانی حاصل کرلیا۔

بنگلہ دیش کی جانب سے تمیم اقبال 48 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے دو جب کہ محمد عرفان، شاہد آفریدی اور شعیب ملک نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

ایونٹ کے دوران پاکستان کا یہ تیسرا میچ تھا اور اسے ٹورنامنٹ میں اپنی جگہ بنائے رکھنے کے لیے یہ میچ جیتنا ضروری تھا۔

ٹورنامنٹ کا پہلا میچ پاکستان اپنے روایتی حریف بھارت کے خلاف انتہائی ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ وکٹوں سے ہارا تھا جب کہ دوسرا میچ اس نے متحدہ عرب امارات جیسی نئی ٹیم کے خلاف جیتا تھا۔

پاکستان کے خلاف فتح حاصل کرکے میزبان بنگلہ دیش نے ٹورنامنٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے جہاں 6 مارچ کو اس کا مقابلہ بھارت سے ہوگا۔

بدھ کو کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز بنائے تھے۔

پاکستان کی ابتدائی بیٹنگ لائن اس میچ میں بھی ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔ پانچ اوورز کے اختتام پر قومی ٹیم 28 کے مجموعی اسکور پر چار وکٹوں سے محروم ہوچکی تھی۔ اس موقع پر سرفراز احمد اور شعیب ملک نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں ذمہ دارانہ کھیل پیش کرکے قومی ٹیم کو مشکل سے نکالا۔

سرفراز احمد 58 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جب کہ شعیب ملک نے 41 رنز بنائے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے الامین حسین نے تین اورعرفات سنی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پاکستان ٹورنامنٹ کا اپنا چوتھا اور آخری میچ جمعے کو سری لنکا سے کھیلے گا۔

XS
SM
MD
LG