برطانیہ کے یورپی یونین میں شامل رہنے یا علیحدہ ہونے سے متعلق ریفرنڈم کے نتائج جیسے ہی سامنے آنا شروع ہوئے ایشیا کے بازار حصص میں اتار چڑھاؤ دیکھا گیا جس میں گراوٹ کا عنصر غالب رہا۔
جمعہ کو ڈالر اور یورو کے مقابلے میں برطانوی پاؤنڈ کی قدر میں کمی واقع ہوئی اور یہ 1985ء کی کم ترین سطح پر آگیا ہے۔
سڈنی کی اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا آغاز ایک چوتھائی اضافے سے ہوا لیکن فوراً ہی اس میں 2.5 فیصد مندی دیکھنے میں آئی۔
ٹوکیو کی "نیکئی 225" میں بھی کاروبار کا آغاز تو تیزی سے ہوا لیکن دو ہی گھنٹوں میں انڈیکس 1.5 فیصد نیچے آگیا۔ ہانگ کانگ کے اسٹاک ایکسچینج میں بھی 0.5 فیصد کمی کا بتایا گیا۔
دن کے آغاز پر آسٹریلوی ڈالر کی قدر میں کچھ اضافہ ہوا لیکن جلد ہی اس میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں ایک فیصد کی کمی ہو گئی۔
ایشیائی منڈی میں سونے کی قیمت میں ایک فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔
عالمی مالیاتی ادارے اور اقتصادی شعبے کے ماہرین متنبہ کر چکے تھے کہ یورپی یونین سے علیحدگی کی صورت میں بین الاقوامی اقتصادی صورتحال متاثر ہو سکتی ہے۔