رسائی کے لنکس

امدادی سامان پر مشتمل قافلہ غزہ پہنچ گیا


ایک فائل فوٹو میں حماس کے رہنما خالد مشال دسمبر 22 کو دمشق میں ایشیا کانوائے کا استقبال کررہے ہیں
ایک فائل فوٹو میں حماس کے رہنما خالد مشال دسمبر 22 کو دمشق میں ایشیا کانوائے کا استقبال کررہے ہیں

ایک ہزار ٹن غذائی اشیاء اور ادویات پر مشتمل امدادی سامان لے جانا والا بھارتی قافلہ غزہ پہنچ گیا ہے۔ قافلہ میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والی انسانی حقوق کی تنظیموں کے 100 سے زائد کارکن بھی موجود ہیں۔

مسلم اور عالمی امدادی تنظیموں کی جانب سے روانہ کیے گئے اس امدادی قافلے نے اپنے سفر کا آغاز نومبر میں بھارت سے کیا تھا اور یہ پاکستان، ایران، ترکی اور لبنان سے ہوتا ہوا شام پہنچا تھا جہاں سے امدادی سامان کو بحری راستے سے مصر منتقل کیا گیا۔

مصری حکام کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد امدادی قافلہ اتوار کی رات غزہ میں داخل ہوا۔ تاہم مصری حکام کی جانب سے قافلہ کے ہمراہ جانے والے کئی ایرانی نژاد انسانی حقوق کے کارکنوں کو مصر-غزہ کراسنگ عبور کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

واضح رہے کہ ایران اور مصر کے درمیان سفارتی رابطے گزشتہ 30 سال سے منقطع ہیں۔

2007 میں غزہ میں اسلامی مزاحمتی تنظیم حماس کے برسرِ اقتدار آنے کے بعد سے اسرائیل نے غزہ کی معاشی ناکہ بندی کر رکھی ہے۔ تاہم گزشتہ سال کے وسط میں غزہ متاثرین کیلیے امداد لے جانے والے ایک بحری بیڑے پر اسرائیلی کمانڈوز کے حملے اور اس میں 10 امدادی کارکنوں کی ہلاکت کے بعد عالمی برادری کے دبائو پر اسرائیل اور مصر کی حکومتوں نے محصور علاقے کی ناکہ بندی میں نرمی کرتے ہوئے بنیادی ضرورت کی اشیاء منتقل کی اجازت دے دی ہے۔

XS
SM
MD
LG