رسائی کے لنکس

بھارت: پتھروں کی کان کے حادثے میں کم از کم 17 ہلاک، بارہ لاپتہ


منگل، 28 مئی، 2024 کوریاست میزورم کے دارالحکومت ایزوال کے قریب میلتھم میں پتھر کی کان منہدم ہونے کے بعد ریسکیو کارکن اور اہلکار تباہ شدہ علاقے کا معائنہ کر رہے ہیں۔
منگل، 28 مئی، 2024 کوریاست میزورم کے دارالحکومت ایزوال کے قریب میلتھم میں پتھر کی کان منہدم ہونے کے بعد ریسکیو کارکن اور اہلکار تباہ شدہ علاقے کا معائنہ کر رہے ہیں۔
  • امدادی کارکن اب بھی پھنسے ہوئے کارکنوں تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں اور مزید بچ جانے والوں کی تلاش جاری ہے۔
  • یہ حادثہ ریاست میزورام کے دارالحکومت ایزوال سے تقریباً 6 کلومیٹر دور میلتھم میں پیش آیا۔
  • کان کے اندر 17 مزدورہلاک اور 12 لاپتہ ہیں۔

بھارتی ریاست میزورام میں عہدے داروں نے اطلاع دی ہے کہ منگل کو طوفان کے باعث ہونے والی شدید بارشوں کی وجہ سے پتھر کی ایک کان منہدم ہو گئی جس سے کان کے 17 مزدورہلاک اور 12 لاپتہ ہو گئےہیں۔

سینیئر پولیس افسر راہول الوال نے کہا کہ امدادی کارکنوں نے ریاست میزورام کے دارالحکومت ایزوال سے تقریباً 6 کلومیٹر دور میلتھم میں کان میں ہلاک ہونے والوں کی لاشیں برآمد کیں اور ملبے سے دو مزدوروں کو زندہ نکالنے میں کامیاب رہے۔

الوال نے کہا کہ امدادی کارکن اب بھی پھنسے ہوئے کارکنوں تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں اور مزید بچ جانے والوں کی تلاش جاری ہے۔

میزورام میں ایسی بہت سی کانیں ہیں جہاں سڑکوں اور عمارتوں کی تعمیر کے لیے پتھر نکالے جاتے ہیں۔

یہاں کام کرنے ولی بہت سی کمپنیاں مطلوبہ ماحولیاتی منظوری حاصل کیے بغیر پتھر نکالتی ہیں۔ اور کئی بار حفاظتی اقدامات کی کمی حادثوں کی وجہ بنتی ہے۔

پچھلے سال ریاست کے ایک قصبے ممیت میں پتھر کی کان گرنے سے سات مزدور ہلاک ہو گئے تھے۔ 2022 میں اسی طرح کے ایک اورحادثے میں 12 مزدور ہلاک ہو ئے تھے۔

الوال نے کہا کہ ریاست میں مٹی کے تودے گرنے کےعلیہدہ واقعات میں مزید چار افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

بھارتی ریاست جھار کھنڈ میں 2016 میں کوئلے کی ایک کان کے حادثے میں متعدد کان کن ہلاک ہوئے تھے۔فائل فوٹو
بھارتی ریاست جھار کھنڈ میں 2016 میں کوئلے کی ایک کان کے حادثے میں متعدد کان کن ہلاک ہوئے تھے۔فائل فوٹو

بھارت کی شمال مشرقی ریاستوں میں پیر کے روز سمندری طوفان ریمال کے بنگلہ دیش سے ٹکرانے کے بعد شدید بارشیں ہو رہی ہیں۔

بھارت کے محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں سے کمزور ڈھانچے اورغیر پختہ چھتوں والے مکانات کو نقصان پہنچ سکتا ہے اور علاقے میں مٹی کے تودے گر نے کا خطرہ ہے۔

یہ رپورٹ اےپی کی اطلاعات پر مبنی ہے۔

فورم

XS
SM
MD
LG