رسائی کے لنکس

میکسیکو: نائٹ کلب پر مبینہ حملے میں 23 افراد ہلاک


میکسیکو کی ریاست 'ویراکروز' کے ایک نائٹ کلب میں آگ لگنے سے 23 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ آگ لگنے کا یہ واقعہ ممکنہ طور پر حملہ ہو سکتا ہے۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق، 'ویراکروز' کے اٹارنی جنرل آفس نے واقعے سے متعلق ایک بیان جاری کیا ہے جس میں اس واقعے کی مذمت کی گئی ہے۔

اٹارنی جنرل آفس کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ حکام اس واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ یہ حادثہ تھا یا پھر کسی نے جان بوجھ کر آگ لگائی۔

حکّام کے مطابق، ہلاک ہونے والوں میں 8 خواتین اور 15 مرد شامل ہیں، جب کہ 13 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں کی حالت نازک ہے جس سے ہلاکتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

'ویراکروز' کے گورنر گریسیا نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ یہ واقعہ کسی جرائم پیشہ گینگ کی لڑائی کا نتیجہ بھی ہو سکتا ہے۔

ریاست کے گورنر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جرائم پیشہ گروہوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ پولیس، سیکورٹی فورسز اور نیشنل گارڈز ممکنہ حملہ آوروں کا تعاقب کر رہے ہیں۔

'ویراکروز' کے وزیر برائے شہری تحفظ نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ واقعے میں ملوث افراد کی تلاش کا عمل جاری ہے۔

واضح رہے کہ 'ویراکروز' میکسیکو کی ساحلی ریاست ہے جسے منشیات کا گڑھ سمجھا جاتا ہے۔ یہاں مختلف جرائم پیشہ گروہ بھی موجود ہیں جن کے آپس میں جھگڑے ہوتے رہتے ہیں۔

میکسیکو میں ایسے واقعات ماضی میں بھی ہوتے رہے ہیں۔ رواں سال اپریل میں بھی ایک نائٹ کلب پر حملے ہوا تھا جس میں 13 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

XS
SM
MD
LG