رسائی کے لنکس

میلبرن ٹیسٹ آسٹریلیا کے نام؛ پونے چار لاکھ تماشائیوں کی گراؤنڈ آمد


  • بھارت کے خلاف میلبرن میں ٹیسٹ میچ میزبان آسٹریلیا نے 184 رنز سے اپنے نام کر لیا ہے۔
  • آسٹریلیا کو پانچ ٹیسٹ میچز کی سیریز میں دو ایک کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔
  • میلبرن ٹیسٹ کے پانچوں دن تین لاکھ 73 ہزار 691 شائقین نے گراؤنڈ میں میچ دیکھا۔
  • آسٹریلیا میں کسی بھی ٹیسٹ میچ کے دوران شائقین کی یہ تعداد کا ایک ریکارڈ ہے۔

ویب ڈیسک — بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان میلبرن میں کھیلا جانے والا باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ میزبان ٹیم نے 184 رنز سے اپنے نام کر لیا۔

کینگروز کو پانچ ٹیسٹ میچز کی سیریز میں دو ایک کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔

پانچویں روز آسٹریلیا کی ٹیم دوسری اننگز میں 234 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور بھارت کو میچ جیتنے کے لیے 340 رنز کا ہدف ملا۔ لیکن بھارتی اوپنر یشسوی جیسوال اور رشبھ پنت کے علاوہ کوئی بھی بھارتی بلے باز خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا۔

بھارت کی پوری ٹیم 155 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ جیسوال نے 84، روہت شرما نے نو، کے ایل راہل صفر، وراٹ کوہلی پانچ، رشبھ پنت 30، رویندرا جڈیجہ دو، نتیش کمار ریڈی ایک اور اکش دیپ سات رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا کی جانب سے دوسری اننگز میں پیٹ کمنز اور اسکاٹ بولینڈ نے تین، تین، نیتھن لائن نے دو جب کہ مچل اسٹارک اور ٹریوس ہیڈ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

میلبرن ٹیسٹ کے دوران بھارتی لوئر آرڈر بلے باز نتیش کمار ریڈی کی شان دار بیٹنگ توجہ کی مرکز رہی تو وہیں وراٹ کوہلی اور آسٹریلیا کے نوجوان بلے باز سیم کونسٹاس کے درمیان ہونے والی 'ٹکر' کا بھی میڈیا اور سوشل میڈیا پر تذکرہ رہا۔

بھارت کی ہار اور دوسری جانب جنوبی افریقہ کے ہاتھوں سینچورین ٹیسٹ میں پاکستان کی شکست کے بعد بھارت کے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچنے کے امکانات بھی کم ہو گئے ہیں۔

آئندہ برس لارڈز میں کھیلے جانے والے فائنل کے لیے جنوبی افریقہ نے تو اپنی سیٹ کنفرم کر لی ہے۔ لیکن بھارت کو پانچویں ٹیسٹ میں کامیابی کے ساتھ ساتھ، آسٹریلیا اور سری لنکا کے درمیان آئندہ برس سری لنکا میں کھیلی جانے والی دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے نتائج کا بھی انتظار کرنا ہو گا۔

پرتھ ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو شکست دینے کے بعد بھارت کو ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں شکست ہوئی تھی جب کہ برسبین میں کھیلے جانا والا تیسرا ٹیسٹ میچ ڈرا ہو گیا تھا۔

اگر بھارت سڈنی ٹیسٹ جیت جاتا ہے اور سری لنکا دونوں ٹیسٹ میچز میں آسٹریلیا کو شکست دیتا ہے تو بھارت فائنل تک رسائی حاصل کر سکتا ہے۔ وگرنہ آسٹریلیا کی ٹیم جنوبی افریقہ کے ساتھ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل کھیلے گی۔

پونے چار لاکھ شائقین کی گراؤنڈ آمد

میلبرن ٹیسٹ کے پانچوں روز مجموعی طور پر تین لاکھ 73 ہزار 691 شائقین نے گراؤنڈ میں آ کر میچ دیکھا۔ جو آسٹریلیا میں کسی ٹیسٹ میچ کے دوران شائقین کی تعداد کا ایک ریکارڈ ہے۔

میلبرن ٹیسٹ کے پانچویں روز 74 ہزار 362 افراد نے گراؤنڈ میں آ کر میچ دیکھا۔

اس سے قبل 1937-1936 کی ایشیز سیریز کے دوران آسٹریلیا اور انگلینڈ کا میچ دیکھنے تین لاکھ 50 ہزار 534 افراد نے گراؤنڈ کا رُخ کیا تھا۔

یہ وہ وقت تھا جب سر ڈان بریڈ مین کی کرکٹ کی دنیا میں حکمرانی تھی اور ٹیسٹ میچز چھ روز پر مشتمل ہوتے تھے۔

XS
SM
MD
LG