رسائی کے لنکس

ایڑی میں تکلیف،بولینجرکو آسٹریلیا واپس بھیجنے کا فیصلہ


ایڑی میں تکلیف،بولینجرکو آسٹریلیا واپس بھیجنے کا فیصلہ
ایڑی میں تکلیف،بولینجرکو آسٹریلیا واپس بھیجنے کا فیصلہ

آسٹریلیا نے فاسٹ باؤلر بولینجرکو ایڑی میں تکلیف کے باعث واپس وطن بھیجنے کا فیصلہ کیاہے۔

بھارت کے ساتھ پہلے وارم اپ میچ میں اُنھیں بائیں ایڑی میں تکلیف شروع ہوئی تھی تاہم بعد میں اس درد اور سوجن میں کمی آنے کے بعد وہ پیر کو زمبابوے کے خلاف میچ کے لیے دستیاب تھے۔ لیکن ناگپور پہنچنے کے بعد یہ تکلیف ایک بار پھر بڑھ گئی ۔

پیٹر سڈل کو ان کی جگہ ٹیم میں شامل کیا جاسکتا ہے لیکن ابھی تک سلیکٹرز نے اس بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔

آسٹریلوی ٹیم کے فزیوتھراپسٹ ایلکس کاؤنٹورس نے بولینجر کو ہونے والی تکلیف کے بارے میں بتایا ہے کہ جب باؤلر گیند کراتے وقت اچھل کر پاؤں زمین پر رکھتے ہیں تو ایڑی کی ایک ہڈی دوسری سے ٹکراتی ہے جس سے سوجن ہوجاتی ہے اور تکلیف ہوتی ہے۔ ان کے بقول فاسٹ باؤلروں کو عموماً اس مسئلے کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

کاؤنٹورس کے مطابق فاسٹ باؤلر برٹ لی بھی اس تکلیف سے گزر چکے ہیں اور ان کے متعدد آپریشن ہوچکے ہیں۔ ان کے بقول آسٹریلیا میں بولینجر کی تکلیف کا معائنہ کرکے آپریشن کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔

دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا کو اس میگا ایونٹ میں شرکت سے قبل بھی زخمی کھلاڑیوں کی وجہ سے اس وقت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جب مائیکل ہسی،نیتھن ہاؤرٹز، ریان ہیرس، کلنٹ مِکے،ہاوئر ڈورتھی اور شان مارش ٹیم کے ساتھ دسویں ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے نہیں آسکے۔

بولینجر آسٹریلوی اسکواڈ کے پہلے کھلاڑی ہیں جنہیں عالمی مقابلوں کے دوران ہی وطن واپس جانا پڑ رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG