رسائی کے لنکس

آسٹریلیا: 770 پاؤنڈ وزنی مگرمچھ تفریحی مقام سے پکڑا گیا


آسٹریلیا میں پکڑے جانے والے 770 پاؤنڈ وزنی مگرمچھ کو افزائش نسل کے فارم میں منتقل کیا جا رہا ہے۔ 28 اگست 2020
آسٹریلیا میں پکڑے جانے والے 770 پاؤنڈ وزنی مگرمچھ کو افزائش نسل کے فارم میں منتقل کیا جا رہا ہے۔ 28 اگست 2020

حال ہی میں آسٹریلیا کے ایک تفریحی علاقے میں ساڑھے 14 فٹ لمبا مگرمچھ پکڑا گیا ہے جس کا وزن 770 پاؤنڈ ہے۔

اگرچہ اتنے بڑے مگرمچھ ذرا کم کم ہی ملتے ہیں، تاہم گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق اب تک پکڑے جانے والے دنیا کے سب سے بڑے مگرمچھ کی لمبائی 20 فٹ تین انچ اور وزن 2400 پاؤنڈ کے قریب تھا، جسے ستمبر 2011 میں فلپائن میں پکڑا گیا تھا۔

آسٹریلیا میں جنگلی حیات کے تحفظ کا کام کرنے والے محکمے وائلڈ لائف رینجرز نے بتایا ہے کہ شمالی آسٹریلیا کے ایک تفریحی علاقے میں، جو سیاحوں کے لیے بڑی کشش رکھتا ہے، یہ کئی برسوں کے دوران پکڑا جانے والا سب سے بڑا مگرمچھ ہے۔

شمالی علاقے کیتھرین کے ایک سینئر وائلڈ لائف رینجر جان برک نے بتایا کہ مگرمچھ کو آؤٹ بیک قصبے سے 75 میل کے فاصلے پر واقع دریائے فلورا کے تفریحی پارک سے پکڑا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ انہیں یاد نہیں پڑتا کہ دریائے فلورا میں سے اس سے بڑا مگرمچھ کبھی پکڑا گیا ہو۔ تاہم تین سال قبل دریائے کیتھرین سے ایک ساڑھے 15 فٹ لمبا مگرمچھ پکڑا گیا تھا، لیکن دریائے کیتھرین سمندر کے قریب ہے اور نمکین پانی کے مگرمچھ عموماً بڑے سائز اور زیادہ وزن کے ہوتے ہیں۔

آسٹریلیا کے گرم مرطوب شمالی علاقوں میں مگرمچھ بڑی تعداد میں موجود ہیں، جس کی وجہ یہ ہے کہ آسٹریلیا کی حکومت نے ان کی نسل بچانے کے لیے 1970 کے عشرے میں شکار پر پابندی لگا دی تھی۔ برک نے بتایا کہ تفریحی پارک میں مگرمچھوں کی تعداد اتنی بڑھ چکی ہے کہ سیاحوں کو محفوظ رکھنے کے لیے ہمیں خصوصی انتظامات کرنے پڑ رہے ہیں اور مگرمچھوں کی تعداد قابو میں رکھنے کے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

پکڑے گئے مگرمچھ کو مگرمچھوں کے ایک فارم میں پہنچا دیا گیا ہے جہاں ان کی افزائش نسل کی جاتی ہے۔ اس فارم میں مگرمچھوں کو تجارتی مقاصد کے لیے پالا جاتا ہے اور ان کی کھال اور گوشت کو فروخت کر دیا جاتا ہے۔ مگرمچھ کی کھال بھاری قیمت پاتی ہے۔ اس سے ہینڈ بیگ، خواتین کے پرس اور کئی دوسری بیش قیمت آرائشی مصنوعات تیار کی جاتی ہیں۔

مگرمچھ کے بارے میں دلچسپ بات یہ ہے کہ اس کا شمار دنیا کے قدیم ترین جانداروں میں ہوتا ہے۔ سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ 25 کروڑ سال پہلے مگرمچھوں کی موجودگی کا سراغ ملتا ہے۔ اس لحاظ سے وہ ڈینوسار اور پرندوں کا ہم عصر ہے۔ مگرمچھ کا تعلق چھپکلیوں کی نسل سے جا ملتا ہے۔

مگرمچھ ٹھنڈے خون کا جانور ہے۔ ایک بار پیٹ بھر کر کھانے کے بعد وہ کئی مہینوں تک مزید کچھ کھائے بغیر زندہ رہ سکتا ہے۔

مگرمچھ کے جبڑے انتہائی طاقت ور ہوتے ہیں، جن کی قوت کا اندازہ 3700 پاؤنڈ کے دباؤ کے مساوی ہے۔ اسی لیے مگرمچھ کے جبڑوں کی گرفت میں آنے والی چیز کو نکالنا بہت دشوار ہوتا ہے۔ مگرمچھ اپنے شکار کو چبا نہیں سکتا بلکہ اسے سالم نگل جاتا ہے۔

دوسری جانب اس ہیبت ناک اور طاقت ور جانور کے جبڑے کھولنے کے اعصاب انتہائی کمزور ہوتے ہیں۔ کوئی بھی شخص اس کے جبڑوں کو دبا کر اسے اپنا منہ کھولنے سے روک سکتا ہے اور اسے اپنے قابو میں کر سکتا ہے۔

XS
SM
MD
LG