رسائی کے لنکس

آسٹریلیا: سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے نئے ٹیکس کا نفاذ


آسٹریلیا: سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے نئے ٹیکس کا نفاذ
آسٹریلیا: سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے نئے ٹیکس کا نفاذ

آسٹریلیا کی وزیر اعظم جولیا گیلارڈ نے ملک کے تباہ کن سیلابوں سے نمٹنے میں مدد کے لیے ایک نیا ٹیکس لگایا ہے ۔ ماہرین کا کہناہے کہ ان کا یہ اقدام پارلیمنٹ میں ان کی عددی اقلیت کی حامل حکومت کا ایک امتحان ہے۔

مز گیلارڈ نے جمعرات کے روز کہا کہ انہیں اس بارے میں کوشبہ نہیں ہے کہ آسٹریلیوی عوام کی ایک بڑی اکثریت تعمیر نو کی کوششوں میں حصہ ڈالنے کے لیے تیار ہے جس پر اندازاً حکومت کو پانچ ارب ڈالر سے زیادہ رقم صرف کرنی پڑے گی۔ ایک سال کے لیے لگایا جانے والا یہ نیا ٹیکس صرف ان افراد کو ادا کرنا ہوگا جن کی سالانہ آمدنی 50 ہزار ڈالرسے زیاد ہ ہے۔

تاہم اس ٹیکس کے نفاذ کے لیے پارلیمنٹ کی منظوری درکارہے جہاں مز گیلارڈ کی لیبر پارٹی کو تین قدامت پسند آزاد اراکین اور بائیں بازو کی طرف رجحان رکھنے والی گرینز پارٹی کی حمایت درکار ہوگی۔

گرینز پارٹی کے راہنما کہہ چکے ہیں کہ عام شہریوں پر ایک نیا ٹیکس لگانے سے قبل کارپوریٹ ٹیکسوں میں کمی کرنا زیادہ مناسب اقدام ہوگا۔ آزاد اراکین میں سے دو نئے ٹیکس کی حمایت کررہے ہیں لیکن تیسرے قدامت پسند رکن کا کہنا ہے کہ ایک ایسے وقت میں جب ملک معاشی بحران سے باہرآنے کی کوشش کررہاہے، کو ئی بھی نیا ٹیکس عوام پر اضافی بوجھ کے مترادف ہوگا۔

آسٹریلیا کے مشرقی علاقوں میں کئی ہفتوں تک جاری رہنے والے سیلابوں میں 35 افراد ہلاک اور 30 ہزار گھر یا تو تباہ ہوگئے یا انہیں نقصان پہنچا۔ سیلابوں سے شاہراہوں اور پلوں کو بھی شدید نقصان ہوا ، فصلیں تباہ ہوئیں اور ملک کی سب سے اہم کوئلے کی صنعت کو بھی بری طرح اس کی زد میں آئی۔

XS
SM
MD
LG