جاپانی حکومت نے پاکستان میں سیلاب زدگان اور افغان پناہ گزینوں کی امداد کے لیے اقوام متحدہ کے ادارے یواین ایچ سی آر کو پانچ کروڑ 90لاکھ ڈالر کی امداد دی ہے۔
عالمی تنظیم کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق اس امداد سے ملک کے چاروں صوبوں میں سات لاکھ کے قریب مقامی لوگوں جبکہ صوبہ خیبر پختونخواہ میں 80ہزار افغان پناہ گزینوں کو فائدہ ہوگا جو گذشتہ سال آنے والی قدرتی آفت سے متاثر ہوئے تھے۔
جاپانی امداد سے اقوام متحدہ کا ادارہ خیموں سمیت دوسری ضروری اشیا متاثرین میں تقسیم کرنے کے علاوہ ایک کمرے پر مشتمل اٹھارہ ہزار پناہ گاہیں تعمیر کرے گا، خاص طور پر ان گھرانوں کے لیے جن کی سربراہ خواتین ہیں ۔
یواین ایچ سی آر کی طرف سے پاکستان کے سیلاب زدگان کے لیے سال 2010-2011کے لیے اٹھارہ کروڑ ساٹھ لاکھ ڈالر امداد کی عالمی اپیل میں سے اب تک نوے فیصد امداد حاصل ہوچکی ہے۔
ادارے کا کہنا ہے کہ وہ چھ لاکھ 65ہزار لوگوں کو چھت فراہم کرنے کا عزم رکھتا ہے۔