آسٹریلیا نے پاکستان کو میلبرن ٹیسٹ میں 79 رنز سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے۔
جمعے کو کھیل کے چوتھے روز آسٹریلیا نے پاکستان کو جیت کے لیے 317 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 237 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ کپتان شان مسعود اور آغا سلمان نصف سینچریوں کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔
آسٹریلیا کی جانب کپتان پیٹ کمنز نے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کیا 49 رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ مچل اسٹارک چار اور جوش ہیزل وڈ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر پیٹ کمنز میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
جمعے کو کھیل کا آغاز ہوا تو آسٹریلیا نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز سے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا۔ میزبان ٹیم اپنے مجموعی اسکور میں صرف 75 رنز کا ہی اضافہ کر سکی۔
کھیل کے چوتھے روز آؤٹ ہونے والے کینگروز بلے بازوں میں مچل اسٹارک نو رنز بنا سکے اور انہیں شاہین شاہ آفریدی نے آؤٹ کیا۔ کپتان پیٹ کمنز 16 اور نیتھن لائن 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں شاہین شاہ آفریدی اور میر حمزہ نے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار، چار وکٹیں حاصل کیں جب کہ عامر جمال نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پاکستان کی دوسری اننگز میں بیٹںگ
آسٹریلوی ٹیم کے 262 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان کو میلبرن ٹیسٹ جیتنے کے لیے 317 رنز کا ہدف ملا ہے جس کے تعاقب میں پاکستان نے ابتدا میں اچھی پرفارمنس پیش کی اور ایک موقع پر پاکستان کی جیت نمایاں تھی لیکن پیٹ کمنز کی تباہ کن بالنگ نے پاکستان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔
پاکستانی اوپننگ بلے باز عبداللہ شفیق ایک مرتبہ پھر ناکام ثابت ہوئے اور چار رنز بنا کر مچل اسٹارک کی ایک شاندار گیند پر عثمان خواجہ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ بعدازاں امام الحق اور کپتان شان مسعود نے محتاط انداز میں کھیلتے ہوئے ٹیم کا مجموعی اسکور 49 رنز تک پہنچایا تو امام الحق بھی پیٹ کمنز کی اندر آتی ہوئی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے، وہ 12 رنز ہی بنا سکے۔
تیسری وکٹ پر کپتان شان مسعود اور بابر اعظم نے تیز کھیلتے ہوئے آسٹریلوی بالرز کو دباؤ میں لانے کی کوشش کی اور دونوں بلے بازوں نے 72 گیندوں پر 61 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کا اسکور 110 تک پہنچایا تو شان مسعود پیٹ کمنز کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ انہوں نے 60 رنز کی اننگز کھیلی.
ابتدائی تین کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد وکٹیں گرنے کا سلسلہ نہ تھم سکا۔ بابر اعظم 41، سعود شکیل 24، محمد رضوان 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ آسٹریلوی بالنگ لائن کے خلاف مزاحمت کرنے والے آل راؤنڈر آغا سلمان بھی 50 رنز بنا کر 237 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔
عامر جمال، شاہین شاہ آفریدی اور میر حمزہ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا نے میلبرن ٹیسٹ کی اپنی پہلی اننگز میں 318 اور دوسری میں 262 رنز بنائے تھے۔ پاکستان پہلی اننگز میں 264 اور دوسری میں 237 رنز ہی بنا سکی۔
فورم