امریکہ اور آسٹریلیا نے باہمی فوجی تعاون کو وسیع کرنے پر اتفاق کیا ہے جس کا مقصد ایشیا پیسفک خطے میں سیکیورٹی کی صورتِ حال بہتر بنانا ہے۔
اس بات کا اعلان امریکہ کے صدر براک اوباما اور آسٹریلیا کی وزیرِ اعظم جولیا گیرالڈ نے آسٹریلوی دارالحکومت کینبرا میں ملاقات کےبعد ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
صدر اوباما آسٹریلیا کے ایک روزہ سرکاری دورے پر کینبرا میں ہیں۔
ملاقات کے دوران کیے گئے فیصلوں کے مطابق دونوں ممالک کی فضائی افواج کے درمیان تعاون کو فروغ دیا جائے گا جس کے تحت شمالی آسٹریلیا کے علاقے میں امریکی طیاروں کی پروازوں میں اضافہ اور دفاعی آلات اور رسد کا تبادلہ ہوگا۔
صدر اوباما، وزیرِاعظم گیلارڈ اور امریکی حکام کا کہنا ہے کہ نئے معاہدوں کا ایک اہم مقصد مشرقی اور جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کو انسدادِ قزاقی اور قدرتی آفات سے نبٹنے کی تربیت فراہم کرنا اور ضرورت پڑنے پر انہیں فوری مدد فراہم کرنے کی امریکی استعداد میں اضافہ کرنا ہے۔
'وہائٹ ہاؤس' کے ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ صدر اوباما اپنے دورے کے دوران امریکہ کے حالیہ مالی بحران اور اس کے نتیجے میں خطے میں اپنی فوجی موجودگی برقرار رکھنے میں امریکی حکومت کو درپیش مشکلات پر پائے جانے والے خدشات کا بھی ازالہ کریں گے۔
امریکی صدر اپنے دورے کے دوران جمعرات کو آسٹریلیا کے شمالی شہر ڈارون میں واقع آسٹریلوی فضائیہ کے ایک مرکز پر آسٹریلوی اور امریکی فوجیوں سے بھی خطاب کریں گے۔