رسائی کے لنکس

پاکستان چوتھا ون ڈے ہار گیا، 86 رنز سے شکست


آج بولرز کے ساتھ ساتھ فیلڈرز نے بھی ناقص کارکردگی دکھائی جس کا آسٹریلیا کے بیٹسمین نے بھر پور فائدہ اٹھایا۔ پاکستانی فیلڈرز نے کئی آسان کیچ چھوڑ دیئےجس کے سبب ڈیوڈ وارنر نے 130 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

سڈنی میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان اتوار کو کھیلا جانے والا ایک روزہ انٹرنیشنل میچ آسٹریلیا نے 86 رنز سے جیت لیا۔ پاکستان کی ٹیم نے مجموعی طور پر 267 رنز بنائے جبکہ جیت کے لئے اسے 354 رنز بنانا تھے۔

چوتھے ایک روزہ میچ کے ساتھ ہی پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز بھی پاکستان کے ہاتھوں سے نکل گئی۔ پاکستان نے صرف ایک میچ میں فتح حاصل کی تھی جبکہ باقی میچز آسٹریلیا نے جیتے۔

اتوار کے میچ میں آسٹریلیا کی جانب سے چھ وکٹ کے نقصان پر 354 رنز کا دیا جانے والا ہدف حاصل کرنا بالآخر پاکستان کے لئے نا ممکن ثابت ہوا۔ آج بولرز کے ساتھ ساتھ فیلڈرز نے بھی ناقص کارکردگی دکھائی جس کا آسٹریلیا کے بیٹسمین نے بھر پور فائدہ اٹھایا۔ پاکستانی فیلڈرز نے کئی آسان کیچ چھوڑ دیئےجس کے سبب ڈیوڈ وارنر نے 130 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز ایک بار پھر مایوس کن ثابت ہوا اور کپتان اظہر علی صرف 7 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ بابر اعظم نے شرجیل خان کے ساتھ مل کر پراعتماد انداز میں اننگز کو آگے بڑھایا اور اسکور 88 رنز تک پہنچایا تاہم بابر اعظم 31 رنز بنا کر ہیڈ کی گیند پر ہیزل ووڈ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

شرجیل خان نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 6 چوکوں اور 2چھکوں کی مدد سے اپنی نصف سنچری مکمل کی، جو ایک روزہ میچوں میں ان کی پانچویں نصف سنچری ہے۔ شرجیل خان اسپنر ایڈم زمپا کی ایک گیند کو گراؤنڈ سے باہر پھینکنے کی کوشش میں باؤنڈری لائن پر وارنر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ انہوں نے 47گیندوں پر 74 رنز بنائے۔

محمد حفیظ 40 اور شعیب ملک 47 رنز بناکر آؤٹ ہوئےجبکہ عمر اکمل زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور صرف 11 رنز بنا کر پویلین کی راہ لی۔ محمد عامر5، عماد وسیم 25 اور جنید خان بغیر کھاتہ کھولے آؤٹ ہوئے، اس طرح پوری ٹیم 43.5 اوورز میں 267 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور آسٹریلیا نے میچ 86 رنز سے اپنے نام کر لیا۔

آسٹریلیا کی طرف سے ایڈم زمپا اور ہیزل ووڈ نے تین، تین ہیڈ نے 2 جب کہ کومینز اور اسٹارک نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

ڈیوڈ وارنر کو شاندا 130 رنز بنانے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

آسٹریلیا کی اننگز
اس سے قبل اتوار کی صبح جب میچ کا آغاز ہوا تو آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اوپنر ڈیوڈ وارنر اور عثمان خواجہ نے دھواں دار بیٹنگ سے اننگز کا آغاز کیا۔ دونوں نے 92 رنز اسکور کئے۔ اس میں عثمان خواجہ کے 30 رنز شامل تھے۔ وہ حسن علی کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔

وارنر نے جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور کسی بھی پاکستانی بولر کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے دلکش اسٹروکس کھیل کر ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں اپنی 12 ویں سنچری مکمل کی۔ اس سنچری میں 9 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ 111 رنز پر حسن علی نے ڈیوڈ وارنر کا ایک آسان کیچ ڈراپ کیا۔

وارنر 119 گیندوں پر 130 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ حالیہ سیزن کی صرف 13 اننگز میں وارنر کی یہ 5 ویں سنچری بنائی ہے۔

وارنر اور کپتان اسمتھ نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 120 رنز کا اضافہ کیا۔ اسمتھ 49 رنز بنا کر حسن علی کا شکار بنے۔ ٹریوس ہیڈ 36 گیندوں پر تیز رفتار 51 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

گلین میکسویل نے صرف 44 گیندوں پر 78 رنز کی اننگز کھیلی۔ یوں آسٹریلیا نے مقررہ پچاس اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 353 رنز بنا لئے۔

میزبان ٹیم کا اسکور یہاں تک پہنچانے میں فیلڈرز نے بھی اہم کردار ادا کیا، گرین شرٹس نے ناقص فیلڈنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہاتھوں میں آئے کئی آسان کیچ ڈراپ کیے۔

پاکستان کی طرف سے حسن علی نے 5 اور محمد عامر نے ایک وکٹ حاصل کی۔

XS
SM
MD
LG