|
ویب ڈیسک—بھارت کے معروف کامیڈین کپل شرما کو حال ہی میں ایک دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی ہے جس میں انہیں قتل کرنے کی دھمکی دی گئی ہے۔
کپل شرما سے قبل اداکار راجپال یادو، سگندھا مشرا اور کریوگرافر ریمو ڈی سوزا کو بھی اسی طرح کی ای میلز موصول ہوئی تھیں۔
بھارتی نیوز چینل 'این ڈی ٹی وی' کی رپورٹ کے مطابق کپل شرما کی شکایت پر امبولی پولیس نے نا معلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کپل شرما کو ملنے والی ای میل کے آئی پی ایڈریس کو دیکھتے ہوئے کہا جا سکتا ہے کہ دھمکی آمیز ای میل پاکستان سے بھیجی گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق سب فن کاروں کو ای میل میں کہا گیا ہے کہ ان کی تمام تر سرگرمیوں پر نظر رکھی جا رہی ہے اور وہ اس ای میل کو سنجیدہ لیں۔
’این ڈی ٹی وی‘ نے رپورٹ کیا ہے کہ ای میل بھیجنے والے نے اپنا نام 'بشنو' تحریر کیا ہے جب کہ ای میل کی آئی ڈی ’ڈان‘ کے نام سے بنائی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ای میل میں شوبز شخصیات سے آٹھ گھنٹے کے اندر اندر جواب بھی مانگا گیا تھا اور کہا گیا ہے کہ جواب نہ دینے کی صورت میں نتائج بھگتنا ہوں گے۔
دھمکی آمیز ای میل موصول ہونے پر کپل شرما نے پولیس سے رابطہ کیا تھا۔
کپل شرما سے قبل گلوکارہ سگندھا مشرا اور کریوگرافر ریمو ڈی سوزا نے بھی اس ہی طرح کی ای میل موصول ہونے کے بعد شکایت درج کرائی تھی۔
اداکار راجپال یادو کو گزشتہ برس دسمبر کے وسط میں ای میل موصول ہوئی تھی اور انہوں نے شکایت درج کرائی تھی۔
پولیس کی جانب سے شوبز شخصیات کو دھمکانے کے معاملے پر تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
ای میلز کا معاملہ ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب چند روز قبل ہی بالی وڈ اداکار سیف علی خان کے گھر ایک شخص چوری کی نیت سے گھس گیا تھا اور اس دوران مزاحمت میں اداکار زخمی ہوئے تھے۔
اس سے قبل گزشتہ برس اداکار سلمان خان کے گھر کے باہر بھی فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا۔
اکتوبر 2024 میں بھارت کی نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے رہنما اور بزنس مین بابا صدیق کو بھی قتل کیا گیا تھا۔
بابا صدیق کے بالی وڈ اسٹارز کے ساتھ اچھے تعلقات تھے۔ ان کے قتل کی ذمے داری لارنس بشنوئی گینگ نے قبول کی تھی۔