رسائی کے لنکس

وکی لیکس کی اشاعت پر آسٹریلیا میں تحقیقات


وکی لیکس کے بانی جولیان آسانگے آسٹریلوی شہری ہیں اور ان دنوں یورپی ملکوں میں قیام کرتے رہتے ہیں۔
وکی لیکس کے بانی جولیان آسانگے آسٹریلوی شہری ہیں اور ان دنوں یورپی ملکوں میں قیام کرتے رہتے ہیں۔

آسٹریلیا کاکہنا ہے کہ اس کی وفاقی پولیس اس بات کی تحقیقات کررہی ہے کہ آیاوکی لیکس کی طرف سے جاری کی گئی ہزاروں خفیہ دستاویزات سے کسی آسٹریلوی قانون کی خلاف ورزی ہوئی ہے یا نہیں۔

وکی لیکس کے بانی جولیان آسانگے آسٹریلوی شہری ہیں اور ان دنوں یورپی ملکوں میں قیام کرتے رہتے ہیں۔

آسٹریلوی اٹارنی جنرل میک کلیلینڈنے پیر کو کہا کہ ایسے کئی قوانین ہوسکتے ہیں جن کی خلاف ورزی کی گئی ہو۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ امریکہ کی طرف سے آسانگے کا پاسپورٹ منسوخ کرنے کے مطالبے کی اطلاعات کے بارے میں انھیں علم نہیں ہے۔

میک کلیلینڈ کا کہنا تھا کہ افشا ہونے والی معلومات کے آسٹریلیا پر پڑنے والے کسی قسم کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لیے انھوں نے ایک ٹاسک فورس تشکیل دے دی ہے۔

جاری کی گئی اڑھائی لاکھ دستاویزات میں سے لگ بھگ ایک ہزار مراسلے آسٹریلیا میں امریکی سفارتخانے سے بھیجے گئے، البتہ اب تک ایسی کوئی معلومات سامنے نہیں آئی ہیں جو آسٹریلوی حکومت کے لیے ندامت کا باعث بنی ہوں۔

اس کے باوجود میک کلیلینڈ کا کہنا تھا کہ افشا ہونے والی معلومات امریکہ اور اس کے اتحادیوں بشمول آسٹریلیا کے سلامتی سے متعلق مفادات کے لیے نقصان دہ ہوسکتی ہیں۔

زمبابوے میں امریکی سفارتخانے سے جاری کیے گئے ایک مراسلے میں آسٹریلیا کو ’چٹان کی طرح مضبوط‘ اتحادی سے تشبیہ دی گئی ہے لیکن کہا گیا کہ ملک میں ہونے والے واقعات پر اثر اندازہونے کے حوالے سے اس کا اثرورسوخ ناکافی ہے۔

XS
SM
MD
LG