رسائی کے لنکس

برسبین ٹیسٹ، انگلینڈ میچ بھی ہار گیا اور میچ فیس بھی نہیں ملے گی


آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان جاری ایشیز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو نو وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔

برسبین میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز انگلینڈ نے میچ بچانے کی خوب کوشش کی تاہم چوتھے روز انگلینڈ نے پہلے سیشن میں ہی 77 رنز کے عوض آٹھ وکٹیں گنوا دیں۔

انگلشن کپتان جو روٹ 89 جب کہ ڈیوڈ ملان 82 رنز بنا کر نمایاں رہے، تاہم باقی بلے باز یکے بعد دیگر وکٹیں گنواتے رہے یوں پوری ٹیم 297 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

ملان آسٹریلوی آف اسپنر نیتھن لائن کے 400 ویں شکار بنے جنہوں نے انگلینڈ کے خلاف 92 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔

آسٹریلوی بلے بازوں نے کھانے کے وقفے بعد مطلوبہ ہدف صرف ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کر لیا۔

انگلینڈ، آسٹریلیا میں کھیلے جانے والے گزشتہ 11 میچوں میں سے 10 میچز میں شکست کا سامنا کر چکا ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ ایڈیلیڈ میں جمعرات کو شروع ہو گا جو کہ ڈے اینڈ نائٹ ہو گا اور اس میں پنک بال کا استعمال کیا جائے گا۔

ایشیز سیریز کا پانچواں ٹیسٹ جو کہ پرتھ میں کھیلا جانا تھا، اب وہ ہوبارٹ میں ہی کھیلا جائے گا جو کہ ڈے اینڈ نائٹ ہو گا۔

میچ کا 100 فی صد جرمانہ

انگلینڈ کو سلو اوور ریٹ کی وجہ سے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پانچ پوائنٹس کے علاوہ 100 فی صد میچ فیس کی بھی قربانی دینا پڑی۔

آسٹریلیا کو پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔
آسٹریلیا کو پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔

اس سے قبل بھارت کے خلاف بھی سلو اوور ریٹ کی وجہ سے انگلینڈ کو ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دو پوائنٹس گنوانا پڑے تھے۔

دوسری طرف انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے آسٹریلوی بیٹسمین ٹریس ہیڈ کو قابل اعتراض جملے کسنے پر میچ فیس کا 15 فی صد جرمانہ کر دیا۔

آسٹریلوی بیٹسمین نے پہلی اننگز کے دوران اسٹوکس کی گیند پر ایسے جملے کہے تھے جو اسٹمپ مائیک کے ذریعے سنائی دیے۔

انگلینڈ کے کپتان جو روٹ کا شکست کے بعد کہنا تھا کہ انہوں نے میچ میں واپسی کے لیے کافی محنت کی اور انہیں امید تھی کہ وہ آج اچھا ٹوٹل بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

دوسری طرف آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کا کہنا تھا کہ انہیں ہر ایک کھلاڑی پر فخر ہے اور یہ ایک مکمل کارکردگی تھی۔

XS
SM
MD
LG