آسٹریلیا کے اوپننگ بیٹر عثمان خواجہ کو پاکستان کے خلاف ٹیسٹ میچ میں فلسطینی جھنڈے کے رنگ سے لکھے گئے پیغام والے جوتے پہننے کی اجازت نہیں ملی۔ لیکن وہ بازو پر سیاہ پٹی باندھ کر میدان میں آئے۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق عثمان خواجہ نے جمعرات کو پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں غزہ میں جاری جنگ پر خاموش احتجاج ریکارڈ کرایا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اپنے قواعد کا حوالہ دیتے ہوئے پابندی عائد کی تھی کہ کوئی کھلاڑی کسی قسم کی سیاسی، مذہبی اور نسلی بنیادوں پر مبنی نعرے یا بیان کھیل کے میدان میں استعمال نہیں کرے گا۔
عثمان خواجہ پرتھ ٹیسٹ میں وہ جوتے پہنچ کر کھیلنے کے خواہش مند تھے جس پر ’آزادی انسانی حق ہے‘ اور ’تمام انسانی زندگیاں برابر ہیں‘ تحریر تھے۔ انہوں نے یہ دونوں جملے فلسطینی پرچم کے رنگوں سے تحریر کیے تھے۔
آسٹریلیا کے کرکٹ بورڈ نے بھی کہا تھا کہ امید ہے کہ کھلاڑی آئی سی سی کے قواعد کی پابندی کریں گے۔
عثمان خواجہ نے اپنے جوتے پر لکھے ہوئے جملے پر ٹیپ کا ٹکڑا لگا دیا تھا۔ البتہ اس سے کسی حد تک جوتے پر لکھا گیا پیغام نظر آ رہا تھا۔
مقامی میڈیا کے مطابق آسٹریلیا کے کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ بازو پر سیاہ پٹی باندھ کر کھیلیں گے۔
واضح رہے کہ اسرائیل کی بمباری سے حماس کے ماتحت غزہ کے محکمۂ صحت کے مطابق 18 ہزار سے زائد فلسطینی ہلاک جب کہ 50 ہزار افراد زخمی ہوئے ہیں۔
حماس نے سات اکتوبر کو اسرائیل کے جنوبی علاقوں پر حملہ کیا تھا جس میں اسرائیلی حکام کے مطابق 1200 افراد ہلاک ہوئے تھے جب کہ 240 افراد کو حماس نے یرغمال بنایا تھا جن میں سے کچھ کو ایک ہفتے کی عارضی جنگ بندی کے دوران رہا کر دیا گیا تھا۔ اب بھی حماس کی تحویل میں 140 افراد موجود ہیں۔
آسٹریلیا کے کرکٹ عثمان خواجہ پاکستانی نژاد مسلمان ہیں جب کہ انہوں نے آئی سی سی کی جانب سے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے پیغام والے جوتوں کے تنازعے پر ویڈیو بھی جاری کی تھی۔
اس ویڈیو میں انہوں نے کہا ہے کہ انہوں نے اپنے جوتے پر جو بھی لکھا ہے وہ کوئی سیاسی پیغام نہیں ہے۔ وہ کسی کی طرف داری نہیں کر رہے۔ انسانوں کی زندگی برابر ہوتی ہے۔ ایک یہودی کی زندگی ایک مسلمان کی زندگی کے ہی برابر ہے اور ان کی زندگی ایک ہندو کے ہی برابر ہے۔
ان کے مطابق ’’جب میں ہزاروں بے گناہ بچوں کو مرتے ہوئے دیکھتا ہوں تو مجھے اپنی دو بیٹیوں کا خیال آتا ہے۔ اگر وہ ان بچوں کی جگہ ہوتیں تو کیا ہوتا؟"
دوسری جانب تین میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا۔
پہلے دن کے کھیل کے اختتام پر آسٹریلیا نے 84 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 346 رنز بنائے ہیں۔
ڈیوڈ وارنر نے چار چھکوں اور 16 چوکوں کی مدد سے 164 رنز کی اننگ کھیلی ہے۔ عثمان خواجہ 41 اور ٹریوس ہیڈ نے 40 رنز بنائے۔
پہلے دن کے اختتام پر مچل مارش 15 اور الیکس کیری 14 رنز پر کریز پر موجود ہیں۔
اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے عامر جمال دو وکٹوں لے کر کامیاب بالر رہے۔ شاہین شاہ آفریدی، خرم شہزاد اور فہیم اشرف نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجا۔
اس رپورٹ میں خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ سے معلومات شامل ہے۔