رسائی کے لنکس

آسٹریلیا: نو عمر لڑکے کا دہشت گردی سے متعلق الزام کا اعتراف


مئی میں پولیس نے ایک چھاپے میں میلبورن سے 20 کلومیٹر شمال میں گرین ویل میں واقع اس کے گھر سے دھماکہ خیز مواد برآمد کر کے اس لڑکے کو گرفتار کیا تھا اور کہا تھا کہ وہ دیسی ساختہ بموں سے ایک حملے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔

آسٹریلیا میں ایک نو عمر لڑکے نے دہشت گردی سے متعلق الزام کا اعتراف کیا ہے۔ مئی میں پولیس نے ایک چھاپے میں میلبورن سے 20 کلومیٹر شمال میں گرین ویل میں واقع اس لڑکے کے گھر سے دھماکہ خیز مواد برآمد کر کے اس کو گرفتار کر لیا تھا۔

پولیس نے مئی میں کہا تھا کہ وہ دیسی ساختہ بموں سے ایک حملے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔

کم عمری کے باعث لڑکے کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔ آسٹریلین ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق لڑکا دہشت گردی کی منصوبہ بندی کے الزام کا اعتراف کرتے ہوئے عدالت کے سامنے پیش ہوا۔

وکلائے استغاثہ نے اس اعتراف کے بعد اس پر عائد دیگر دو الزامات کو ختم کر دیا۔ عراق اور شام میں داعش کے شدت پسندوں کے خلاف جنگ میں آسٹریلیا امریکہ کا مضبوط حلیف رہا ہے اور گزشتہ سال سے اسے ملک کے اندر مقامی شدت پسندوں کی طرف سے حملوں کے خطرے کا سامنا ہے۔

گزشتہ ہفتے جمعرات کو پولیس نے کہا تھا کہ انہوں نے ایک 20 سالہ شخص اور ایک 15 سالہ لڑکے پر سرکاری عمارتوں پر حملوں کی سازش الزام عائد کیا ہے۔ انہیں انسداد دہشت گردی پولیس نے سڈنی میں چھاپوں کے دوران گرفتار کیا تھا۔

اسی آپریشن میں تین دیگر افراد پر بھی دہشت گردی سے متعلق الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

آسٹریلوی نوجوانوں کی بڑی تعداد کے تشدد میں ملوث ہونے یا اس سے متعلق الزامات کی زد میں ہونے پر پولیس نے اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔

اس سے مسلمان نوجوانوں میں انتہا پسندی کے رجحان کے بارے میں خدشات کو تقویت ملی ہے۔

اپریل میں پولیس نے میلبورن میں پانچ لڑکوں کو گرفتار کیا تھا جو داعش سے متاثر ہو کر پولیس پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

ستمبر 2014 میں پولیس نے انسداد دہشتگردی کے اہکاروں پر چاقو سے حملہ کرنے پر ایک نوعمر لڑکے کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔

اس واقعے کے تین ماہ بعد ایک مسلح شخص نے سڈنی میں ایک کیفے میں موجود افراد کو 17 گھنٹے تک یرغمال بنائے رکھا۔ محاصرہ ختم کروانے کے لیے پولیس کی جانب سے کیے گئے آپریشن میں حملہ آور سمیت دو یرغمالی ہلاک ہو گئے تھے۔

ایک اور واقعے میں ایک 15 سالہ لڑکے نے سڈنی کے نواحی علاقے میں واقع پولیس ہیڈ کوارٹر میں ایک اکاؤنٹنٹ کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ یہ لڑکا عمارت کے باہر پولیس سے فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہو گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG