رسائی کے لنکس

بابر اعظم کے نئے ریکارڈ، سب سے کم اننگز میں 7 سینچریاں


بابر اعظم ایک روزہ میچوں کی تاریخ میں سب سے کم اننگز میں 7 سنچریاں بنانے والے بیٹسمین بن گئے۔ انہوں نے صرف 33 اننگز میں سات سنچریاں بنائیں۔ ان سے قبل جنوبی افریقہ کے بیٹسمین ہاشم آملہ نے 41 اننگز کھیل کر 7 سنچریاں اسکور کی تھیں۔

پاکستان کے اوپننگ بیٹسمین بابر اعظم 2 نئے ریکارڈز بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ انہوں نے پیر کو ابوظہبی ون ڈے کے دوران نہ صرف ہاشم آملہ کا ریکارڈ توڑا بلکہ ایک اور ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا۔

پیر کو سری لنکا کے خلاف دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں بابر اعظم نے کیریئر کی ساتویں سنچری اسکور کی، جس کے ساتھ ہی وہ ایک روزہ میچوں کی تاریخ میں سب سے کم اننگز میں 7 سنچریاں بنانے والے بیٹسمین بن گئے۔

بابر اعظم نے صرف 33 اننگز میں سات سنچریاں بنائیں۔ ان سے قبل جنوبی افریقہ کے بیٹسمین ہاشم آملہ نے 41 اننگز کھیل کر 7 سنچریاں اسکور کی تھیں۔

ہاشم آملہ سے قبل ایشین بریڈ مین پاکستان کے ظہیر عباس نے یہ اعزاز 42 اننگز کھیل حاصل کیا تھا۔

مسلسل پانچ سنچریاں بنانے والے پہلے کرکٹر
یہی نہیں اس سنچری کے بعد بابر اعظم متحدہ عرب امارات میں لگاتار پانچ سنچریاں بناکر کسی بھی ملک میں مسلسل پانچ سنچریاں بنانے والے پہلے کرکٹر بن گئے ہیں۔

سری لنکا کے خلاف پہلے ایک روزہ میچ میں بھی انہوں نے سنچری بنائی تھی جبکہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں مسلسل تین سنچریاں 123 ،117 اور 120 رنز کے ساتھ بنائیں۔

اس سے قبل جنوبی افریقہ کے اے بی ڈیولیئرز نے 2010 اور 2011 کے دورہ بھارت میں مسلسل 4 سنچریاں اسکور کی تھیں۔

پاکستان کی طرف سے ظہیر عباس اور سعید انور، جنوبی افریقہ کے کوئنٹن ڈی کوک اور سری لنکا کے کمار سنگا کارا کسی ایک ملک میں لگاتار تین، تین سنچریاں بنا چکے ہیں۔

بابر اعظم نے 30 ستمبر 2016 کو پہلی سنچری بنائی اور جب سے اب تک سات سنچریاں بناچکے ہیں۔

اس دوران تمام پاکستانی بیٹسمینوں نے مل کر صرف تین سنچریاں بنائی ہیں جن میں اظہر علی، شعیب ملک اور فخر زمان شامل ہیں۔

اس عرصے کے دوران سات سنچریاں بنانے والے دوسرے بیٹسمین آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ، انگلینڈ کے اوئن مورگن اور انگلینڈ ہی کے بین اسٹوکس نے تین، تین سنچریاں بنائی ہیں۔

بابر اعظم کا پہلی 15 اننگز میں رنز کا اوسط 37 اعشاریہ 57 تھا لیکن پے در پے سنچریوں کے بعد یہ اوسط بڑھ کر 75 اعشاریہ 53 ہوگئی جو بھارت کے اسٹار بیٹسمین ویراٹ کوہلی کے 81 اعشاریہ 84 کے بعد سب سےبڑی اوسط ہے۔

XS
SM
MD
LG