بحرین کی فوج کے سربراہ نے کہا ہے کہ اگلے مہینے ملک میں ہنگامی قوانین اٹھا لینے کے بعد بھی غیر ملکی فوجیں اس خلیجی ریاست میں موجود رہیں گی۔
بحرین کے سرکاری خبررساں ادارے بی این اے نےکمانڈر انچیف شیخ خلیفہ بن احمد الخلیفہ کے حوالے سے کہا ہے کہ خلیجی ریاستی فورسز کسی ممکنہ غیر ملکی خطرے کے پیش نظر ملک میں موجود رہیں گی۔
سعودی عرب کی زیر قیادت بحرین میں مارچ سے تقریباً 15 سو غیرملکی فوجی موجود ہیں۔ ریاستی حکام نے ملک میں حکومت مخالف مظاہروں پر قابو پانے کے لیے ہمسایہ ممالک سے مددکی درخواست کی تھی۔
ایران کی جانب سے غیر ملکی فوجوں کی موجودگی کی مذمت کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ چکی ہے۔ ایران نے الزام لگایا تھا کہ غیر ملکی فوجی بحرین میں موجود شیعہ اقلیت کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
بحرین میں حکومت مخالف مظاہروں میں شیعہ پیش پیش تھے اور وہ اپنے لیے زیادہ حقوق کا مطالبہ کررہے تھے۔
بحرین کے فوجی سربراہ نے حکومت مخالفین کو انتباہ کیا ہے کہ وہ مظاہروں کے لیے سڑکوں پر آنے سے باز رہیں۔