بحرین نے جاسوسی کے الزام پر ایک ایرانی سفارت کار کو ملک سے نکل جانے کاحکم دیا ہے۔
بحرین کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق وزارت خارجہ نے ایرانی سفارت خانے کو پیر کے روز بتایا تھا کہ سفارت کار حجت اللہ رحمانی کو ملک چھوڑنے کے لیے 72 گھنٹے کا وقت دیا گیا ہے۔ سفارت کار پر کویت میں سرگرم ایرانی جاسوس نیٹ ورک سے رابطوں کا الزام ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق بحرین نے ایران سے کہا ہے کہ وہ خطے کی سلامتی اور استحکام کے منافی اور بین الاقوامی سفارت کاری کے معیار سے ہٹ کر کیے جانے والے اقدامات چھوڑ دے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان رامین مہمان پرست نے اس پیش رفت پر ردعمل میں کہا ہے کہ بحرین حکومت کا یہ اقدام ایک اچھے پڑوسی ملک کی حیثیت سے تعلقات کی نفی کرتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ اُن کا ملک بھی جوابی اقدامات کرسکتا ہے۔
رواں ماہ کے اوائل میں کویت نے بھی جاسوسی کے الزام میں تین ایرانی سفارت کاروں کو ملک سے نکل جانے کے لیے کہا تھا، جس کے جواب میں ایران نے تین کویتی سفارت کاروں کو ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔
کویت کی عدالت نے مارچ میں ایک کویتی اور دو ایرانی باشندوں کو ملک میں ایران کے لیے جاسوسی کرنے پر موت کی سزا سنائی تھی۔