رسائی کے لنکس

بلوچستان سے دو خواتین سیاح اغواء


حکام کے مطابق ان کا تعلق جمہوریہ چیک سے ہے اور یہ ایران سے بلوچستان کے ضلع چاغی میں داخل ہوئیں تھیں۔ صوبائی حکومت کے مطابق ان خواتین کی بازیابی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع چاغی سے نا معلوم مسلح افراد نے دو غیر ملکی خواتین سیاحوں کو اغواء کر لیا ہے۔

حکام کے مطابق ان کا تعلق جمہوریہ چیک سے ہے اور یہ ایران سے بلوچستان کے ضلع چاغی میں داخل ہوئیں تھیں۔

اطلاعات کے مطابق خواتین کے تحفظ پر لیویز اہلکار بھی تعینات تھے لیکن مسلح افراد انھیں بھی اپنے ساتھ لے گئے تھے لیکن جنہیں کچھ فاصلے پر لے جا کر چھوڑ دیا گیا۔

صوبائی حکومت کے مطابق ان خواتین کی بازیابی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

تاحال کسی نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی لیکن ماضی میں صوبے میں اغوا کی وارداتوں کا الزام عسکریت پسند گروپوں، علیحدگی پسندوں اور جرائم پیشہ گروہوں پر عائد کیا جاتا رہا ہے۔

جنوری 2012ء میں کوئٹہ سے ایک بین الاقوامی امدادی تنظیم( آئی سی آر سی) سے وابستہ اہلکار کو اغوا کیا گیا تھا اور کئی ماہ بعد اس کی سربریدہ لاش شہر کے نواح سے ملی تھی۔ لاش کے پاس رکھے ایک خط پر تحریر تھا کہ اس شخص کو تاوان ادا نہ کرنے کی پاداش میں قتل کیا گیا۔

بلوچستان کے ضلع لورالائی سے طالبان شدت پسندوں نے ایک سوئس جوڑے کو 2011ء کے وسط میں اغواء کیا گیا تھا جنہیں تقریباً آٹھ ماہ بعد رہا کیا گیا۔ شدت پسندوں کا کہنا تھا کہ یہ رہائی تاوان کے بعد عمل میں آئی۔
XS
SM
MD
LG