رسائی کے لنکس

بنگلہ دیشی کرکٹر اور سابق رکن اسمبلی کو پاکستان میں کھیلنے کی اجازت مل گئی


بنگلہ دیش کے کرکٹر شکیب الحسن لاہور کے قذافی اسٹیڈم میں پریکٹس کے دوران۔ 14 اگست 2024
بنگلہ دیش کے کرکٹر شکیب الحسن لاہور کے قذافی اسٹیڈم میں پریکٹس کے دوران۔ 14 اگست 2024
  • کرکٹر شکیب الحسن بنگلہ دیش کی عوامی لیگ کے ٹکٹ پر اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور جنوری میں حلف اٹھایا۔
  • اس سال 7 جنوری کو ہونے والے انتخابات کا حزب اختلاف نے بائیکاٹ کیا تھا اور اسے زیادہ تر یک طرفہ الیکشن سمجھا گیا۔
  • شیح حسینہ کے خلاف طلبا کی تحریک نے حکومت کا تختہ الٹ دیا اور وہ بھارت فرار ہو گئیں۔
  • پرتشدد مظاہروں اور پولیس کی فائرنگ میں طلبا کی ہلاکتوں کے دنوں میں شکیب کینیڈا میں تھے۔
  • شکیب فیس بک پر بہت فعال ہیں لیکن طلبہ تحریک کے دوران ان کا فیس بک پیج بالکل خاموش رہا۔
  • بنگلہ دیش کی عبوری کابینہ میں کھیلوں کے وزیر ایک طالب علم رہنما ہیں۔ انہوں نے شکیب کو میرٹ پر پاکستان کے خلاف میچوں میں کھیلنے کی اجازت دے دی۔
  • شکیب کینیڈا سے سیدھے پاکستان آ گئے ہیں۔

بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم کے ایک معروف کھلاڑی شکیب الحسن، قانون ساز اسمبلی کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔ انہوں نے شیخ حسینہ کی عوامی لیگ کے ٹکٹ پر انتخابات میں حصہ لیا تھا اور منتخب ہونے کے بعد جنوری میں قانون ساز رکن کے طور پر حلف اٹھایا۔

ملازمتوں میں کوٹے کے خلاف شروع ہونے والے طلبا کے مظاہروں نے جولائی میں بنگلہ دیش کے روزمرہ کے معمولات کو معطل کر دیا اور اس دوران تشدد کے واقعات میں 300 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے۔ حالات کنٹرول سے باہر ہونے کے بعد شیخ حسینہ اپنے عہدے سے استعفی دے کر بھارت فرار ہو گئیں۔

حکومت کے خاتمے کے بعد قانون ساز اسمبلی تحلیل کر دی گئی اور اس کے ساتھ شکیب الحسن کی رکنیت بھی ختم ہو گئی۔

شکیب الحسن نے ایک ایسے متنازع انتخابات میں نشست جیتی تھی جس کا بنگلہ دیش کی زیادہ تر پارٹیوں بائیکاٹ کیا تھا۔ حزب اختلاف کے زیادہ تر رہنما جیلوں میں بند تھے اور وہ ایک طرح سے یک طرفہ انتخابات تھے۔

شکیب الحسن لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان کے ساتھ مقابلوں سے قبل نیٹ پریکٹس کر رہے ہیں۔ 14 اگست 2024
شکیب الحسن لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان کے ساتھ مقابلوں سے قبل نیٹ پریکٹس کر رہے ہیں۔ 14 اگست 2024

دنیا کے کئی ملکوں اور انسانی حقوق کے گروپوں نے انتخابات کی شفافیت پر سوال اٹھائے تھے۔

جن دنوں بنگلہ دیش میں یہ واقعات ہو رہے تھے اور 15 سال سے قائم شیخ حسینہ کی حکومت زمین بوس ہو رہی تھی، شکیب الحسن ملک سے باہر کینیڈا میں تھے۔

حکومت کے خاتمے کے بعد مشتعل اور برہم ہجوموں نے عوامی لیگ کے دفاتر اور عہدے داروں کے گھروں اور کاروباروں پر حملے کیے اور وہاں لوٹ مار اور نذر آتش کرنے کے درجنوں واقعات ہوئے۔

عوامی لیگ کے بہت سے لیڈر، کارکن اور اس جماعت کے حامی روپوش ہو گئے یا ملک سے باہر چلے گئے۔

حکومت کے خاتمے کے بعد معروف شخصیت محمد یونس کی سربراہی میں ایک عبوری حکومت قائم کی گئی ہے۔ ان کی کابینہ میں وہ طالب علم رہنما بھی شامل ہیں جنہوں نے شیخ حسینہ کے اقتدار کے خلاف تحریک کی قیادت کی تھی۔

ڈھاکہ میں پولیس طلبہ مظاہرین کو روک رہی ہے۔ 5 اگست 2024
ڈھاکہ میں پولیس طلبہ مظاہرین کو روک رہی ہے۔ 5 اگست 2024

ان میں سے ایک طالب علم رہنما کا نام آصف محمود ہے۔ ان کی عمر 26 سال ہے اور وہ عبوری حکومت میں کھیلوں کے وزیر ہیں۔

بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم کے پاکستان کے دورے کے موقع پر آصف محمود کو کھلاڑیوں کی فہرست پیش کی گئی۔ انہوں نے شکیب الحسن کو اس کے باوجود ٹیم کے ساتھ پاکستان میں کھیلنے کی اجازت دے دی کہ وہ عوامی لیگ کے رکن تھے اور شیخ حسنہ سے ان کے روابط تھے۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے ایک ڈائریکٹر افتخار احمد نے اے ایف پی کو بتایا کہ ہم نے کھیلوں کے ایڈوائزر کو ٹیم کے ارکان کے نام پیش کیےتھے۔ انہوں نے شکیب کو شامل کرنے پر کوئی اعتراض نہیں کیا۔

شکیب الحسن لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں نیٹ پریکٹس کے موقع پر اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں کے ساتھ۔ 14 اگست 2024
شکیب الحسن لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں نیٹ پریکٹس کے موقع پر اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں کے ساتھ۔ 14 اگست 2024

ڈائریکٹر کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے کہا کہ ٹیم میرٹ کی بنیاد پر بنائی جائے۔

اے ایف پی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شکیب کو، جن کی عمر 37 سال ہے، بدھ کے روز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پریکٹس کرتے ہوئے دیکھا گیا۔

شیخ حسینہ کے استعفے کے بعد سے انہیں بنگلہ دیش میں نہیں دیکھا گیا اور وہ کینیڈا سے سیدھے پاکستان چلے گئے جہاں وہ پاکستان کے خلاف مقابلوں میں بنگلہ دیش کی نمائندگی کریں گے۔

شکیب عموماً فیس بک پر بہت فعال دکھائی دیتے ہیں، لیکن 14 جولائی کے بعد انہوں نے اپنے پیج پر کچھ پوسٹ نہیں کیا۔

14 جولائی سے دو دن کے بعد بنگلہ دیش میں پولیس کی فائرنگ سے طالب علموں کی ہلاکتوں کا سلسلہ شروع ہوا تھا۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے ایک سابق رکن رفیق الاسلام، جنہوں نے شیخ حسینہ کے عہدہ سنبھالنے سے پہلے کرکٹ بورڈ میں خدمات سرانجام دیں تھیں، اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ شکیب ایک قانون ساز ہونے کے ناطے بڑے پیمانے پر ہلاکتوں کی ذمہ داری سے بری الزمہ نہیں ہو سکتے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جب طالب علم مارے جا رہے تھے تو انہوں نے اپنے فیس بک پیچ پر کبھی کچھ بھی نہیں کہا۔ جب کہ ان میں سے بہت سے طالب علم انہیں اپنا ہیرو سمجھتے تھے۔ انہیں پہلے گھر آنا چاہیے تھا اور یہ وضاحت دینی چاہیے تھی کہ وہ خاموش کیوں رہے۔

رفیق الاسلام نے منگل کے روز شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے ہیڈکوارٹرز کے باہر مظاہرے میں شرکت کی۔

انہوں نے دیگر کھیلوں کے منتظمین کے ساتھ مل کر کرکٹ بورڈ کے ارکان پر شیح حسینہ کے وفادار ہونے کا الزام لگاتے ہوئے ان کی برطرفی کا مطالبہ کیا۔

اس گروپ نے پیر کو اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ بدانتظامی، آمرانہ طرز عمل اور بے لگام کرپشن نے بنگلہ دیش کو عالمی کرکٹ میں بہت پیچھے دھکیل دیا ہے۔

(اس رپورٹ کی کچھ تفصیلات اے ایف پی سے لی گئیں ہیں)

فورم

XS
SM
MD
LG