رسائی کے لنکس

بنگلہ دیش: کوٹہ سسٹم کے خلاف احتجاج میں ہلاکتیں 114 ہو گئیں، حکومت کا دو روزہ عام تعطیل کا اعلان


  • بنگلہ دیش بھر میں جعمرات سے موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز معطل ہیں۔
  • ملک بھر میں کرفیو نافذ ہے جس میں ہفتے کی دوپہر دو گھنٹے کے لیے نرمی کی گئی۔ البتہ کرفیو اتوار کی صبح دس بجے تک نافذ رہے گا۔
  • ڈھاکہ کے مختلف علاقوں میں ہفتے کو بھی جلاؤ گھیراؤ کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ کشیدہ صورتِ حال کے باعث حکومت نے اتوار کو پیر کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔
  • مظاہرین نے ڈھاکہ کے ضلع نارسنگدی میں ایک جیل پر دھاوا بول کر وہاں جلاؤ گھیراؤ کیا اور 850 قیدی آزاد کروا لیے: پولیس کا دعویٰ
  • وزیرِ اعظم شیخ حسینہ نے کشیدہ صورتِ حال کے باعث اسپین اور برازیل کا دورہ منسوخ کر دیا ہے۔
  • پولیس نے ہفتے کی علی الصباح کارروائی کرتے ہوئے مظاہروں کی کوآرڈینیٹر ناہید اسلام کو گرفتار کر لیا ہے: مظاہرین کا دعویٰ
  • حزبِ اختلاف کی جماعتوں کے کئی رہنما، سماجی کارکن اور طلبہ مظاہرین کو حراست میں لے لیا گیا ہے: رہنما بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی

ویب ڈیسک — بنگلہ دیش میں کوٹہ سسٹم کے خلاف طلبہ کے احتجاج کے دوران جھڑپوں اور مختلف واقعات میں ہلاک افراد کی تعداد 114 ہو گئی ہے جب کہ حکومت نے اتوار کو پیر کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق ملک بھر میں کرفیو نافذ ہے اور دارالحکومت ڈھاکہ کی سڑکوں پر فوج گشت کر رہی ہے۔

بنگلہ دیش بھر میں جعمرات سے موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز معطل ہیں جب کہ احتجاج پر قابو پانے کے لیے حکومت نے ملک بھر میں عوامی اجتماعات پر بھی پابندی عائد کر رکھی ہے۔

گزشتہ پانچ روز سے ڈھاکہ سمیت مختلف شہروں میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری تھا جس پر قابو نہ پانے کے بعد وزیرِ اعظم شیخ حسینہ کی حکومت نے ملک بھر میں کرفیو نافذ کرتے ہوئے فوج کو طلب کیا ہے۔

مقامی ٹی وی رپورٹس کے مطابق کرفیو میں ہفتے کی دوپہر دو گھنٹے کے لیے نرمی کی گئی تاکہ لوگ ضروری اشیا کی خریداری کر سکیں۔ البتہ کرفیو اتوار کی صبح دس بجے تک نافذ رہے گا جس کے بعد حکومت صورتِ حال کا جائزہ لے کر کرفیو ختم کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کرے گی۔

مقامی ٹی وی چینلز نے پولیس کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا ہے کہ جمعے کو مظاہرین نے ڈھاکہ کے ضلع نارسنگدی میں ایک جیل پر دھاوا بولا اور وہاں سے 850 قیدیوں کو فرار کرواتے ہوئے جیل کی عمارت کو آگ لگا دی۔

ہفتے کو بھی ڈھاکہ کے مختلف علاقوں میں جلاؤ گھیراؤ کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔

خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' نے وزیرِ اعظم آفس کی پریس سیکریٹری کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ وزیرِ اعظم شیخ حسینہ نے کشیدہ صورتِ حال کے باعث اسپین اور برازیل کا دورہ منسوخ کر دیا ہے۔ وزیرِ اعظم شیخ حسینہ کو بیرونی دورے پر اتوار کو روانہ ہونا تھا۔

طلبہ سرکاری ملازمتوں میں 1971 کی جنگِ آزادی میں شریک افراد کے اہلِ خانہ کے لیے 30 فی صد کوٹہ مختص کرنے کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔ مظاہرین کا الزام ہے کہ اس کوٹے سے وزیرِ اعظم شیخ حسینہ کی جماعت عوامی لیگ کو فائدہ ہو رہا ہے۔

واضح رہے کہ عوامی لیگ ہی وہ جماعت تھی جس کے سربراہ شیخ مجیب الرحمٰن نے 1971 میں پاکستان سے علیحدگی کے لیے بنگلہ دیش کے قیام کی تحریک کی قیادت کی تھی۔

احتجاجی طلبہ کوٹہ سسٹم کے خاتمے اور میرٹ کی بنیاد پر سرکاری ملازمتیں دینے کا نظام نافذ کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

مظاہروں کی کوآرڈینیٹر گرفتار

بنگلہ دیش کی حزبِ اختلاف کی سب سے بڑی جماعت بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کے جلا وطن قائم مقام چیئرمین طارق الرحمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مظاہروں کے دوران حزبِ اختلاف کی جماعتوں کے کئی رہنما، سماجی کارکن اور طلبہ مظاہرین کو حراست میں لیا گیا ہے۔

مظاہرین نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پولیس نے ہفتے کی علی الصباح کارروائی کرتے ہوئے مظاہروں کی کوآرڈینیٹر ناہید اسلام کو گرفتار کر لیا ہے۔ تاہم 'رائٹرز' آزاد ذرائع سے گرفتاری کی تصدیق نہیں کر سکا ہے۔

انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں نے بنگلہ دیش میں انٹرنیٹ کی بندش اور سیکیورٹی فورسز کی جانب سے مظاہرین پر تشدد کی مذمت کی ہے۔ یورپی یونین نے ایک بیان میں تشدد اور مظاہروں کے دوران اموات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں ادارے 'رائٹرز' سے لی گئی ہیں۔

فورم

XS
SM
MD
LG