رسائی کے لنکس

بنگلہ دیش: شیعہ اجتماع پر بم حملہ، ایک شخص ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ لگ بھگ 25 ہزار لوگ قدیمی علاقے حسینی دالان سے عاشور کا جلوس لے کر جانے کے لیے جمع تھے کہ اس دوران یہ دھماکا ہوا۔

بنگلہ دیش میں شیعہ برادری کے ایک اجتماع پر ہونے والے بم حملے میں کم ازکم ایک شخص ہلاک اور ایک سو سے زائد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق دارالحکومت ڈھاکا میں یہ واقعہ ہفتہ کو علی الصبح پیش آیا جس میں عاشور کے سلسلے میں اکٹھے ہونے والے ہزاروں افراد کے اجتماع پر دیسی ساختہ بم سے حملہ کیا گیا۔

یہ حملہ دیسی ساختہ بم سے کیا گیا اور دھماکے سے مجمع میں بھگدڑ مچ گئی جب کہ ایک 15 سالہ نوجوان اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

پولیس نے فوری طور پر دو مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے دو بم برآمد کرنے کا بتایا ہے۔ لیکن تاحال اس کی مزید تفصیل نہیں بتائی گئی اور نہ ہی کسی فرد یا تنظیم نے واقعے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ لگ بھگ 25 ہزار لوگ قدیمی علاقے حسینی دالان سے عاشور کا جلوس لے کر جانے کے لیے جمع تھے کہ اس دوران یہ دھماکا ہوا۔

حسینی دالان سترہویں صدی کی ایک شیعہ درسگاہ ہے۔

بنگلہ دیش میں اس طرح کے واقعات غیر معمولی تصور کیے جاتے ہیں لیکن رواں سال مذہبی انتہا پسندوں کی کارروائیوں میں اضافے کے تناظر میں حکام اسے ملک میں انتشار پھیلانے کی سازش قرار دیتے ہیں۔

رواں سال کے اوائل سے اب تک چار آزاد خیال بلاگرز کے قتل کے علاوہ دو غیر ملکیوں کو بھی ہدف بنا کر قتل کیا جا چکا ہے۔ ان غیر ملکیوں کی ہلاکت کی ذمہ داری عسکریت پسند گروپ داعش سے وابستہ لوگوں نے قبول کی تھی۔

XS
SM
MD
LG