بنگلہ دیش کے عہدے داروں نے کہاہے کہ مون سون کی بارشوں کے نتیجے میں آنے والے سیلابوں سے ملک کے جنوبی حصے میں کم ازکم چار افراد ہلاک اور دس ہزار سے زیادہ بے گھر ہوگئے ہیں۔
حکام کا کہناہے کہ سیلابوں کی زد میں آنے والے دیہاتوں کی تعداد کم ازکم دو سو ہے۔ جب کہ ضلع کاکسس بازار سب سے متاثرہ علاقوں میں شامل ہے۔
عہدے داروں کا کہناہے کہ بے گھر ہونے والے افراد کو اسکولوں کی عمارتوں میں پناہ فراہم کی گئی ہے جب کہ مقامی عہدے دار انہیں خوراک اور امدادی سامان پہنچا رہے ہیں۔
بنگلہ دیش کو مون سون سے تقریباً ہرسال نقصان اٹھاناپڑتا ہے۔
جنوبی ایشیا ء میں جون سے ستمبر کے دوران مون سون کی بارشیں ہوتی ہیں ۔ یہ بارشیں ان لاکھوں کاشت کاروں کے لیے بطور خاص فائدہ مند ہیں جو اپنی فصلوں کے لیے بارشوں کے پانی پر انحصار کرتے ہیں۔