بنگلہ دیش کی عدالت نے سابق وزیر اعظم اور حزب اختلاف کی اہم قائد، خالدہ ضیاٴ کے خلاف مقدمے کی سماعت کا آغاز کردیا ہے۔
سماعت پیر کے دِن دارالحکومت ڈھاکہ میں شروع ہوئی۔
مز ضیاٴپر دو فلاحی تنظیموں کے چندے میں سے 10 لاکھ ڈالر خردبرد کرنے کا الزام ہے۔ آج کی پیشی میں وہ کمرہٴعدالت میں حاضر نہیں تھیں۔
انسداد بدعنوانی عدالت کے جج نے مز ضیا کے وکلاٴ کی اس التجا کو مسترد کردیا ہے، جس میٕں مقدمے کو معطل کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔
مقدمے کی سماعت میں درجنوں بار تاخیر سے کام لیا گیا ہے۔
موجودہ وزیر اعظم شیخ حسینہ اس سال کے اوائل میں اقتدار میں آئیں، جن انتخابات میں مز ضیاٴ کی ’بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی‘ (بی این پی) نے بائیکاٹ کیا تھا۔
حکمراں عوامی لیگ کے امیدوار ملک کے نصف سے زائد حلقوں میں بلا مقابلہ کامیاب ہوئے تھے۔
بنگلہ دیش میں گذشتہ دو عشروں کے دوران سیاست کے افق پر یہی دو خواتین چھائی رہی ہیں۔