بنگلہ دیش: شیخ حسینہ کے استعفے کے بعد مظاہرین کا سڑکوں پر جشن
شیخ حسینہ نئی دہلی پہنچ گئیں، لندن روانگی کا امکان
پرتشدد مظاہروں اور فوجی مداخلت کے بعد مستعفی ہونے والی شیخ حسینہ واجد نئی دہلی پہنچ گئی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شیخ حسینہ واجد کا طیارہ پیر کی شام نئی دہلی کے قریب نئی دہلی کے قریب ہندن ایئر بیس پر لینڈ ہوا۔
بھارتی نشریاتی ادارے 'انڈیا ٹوڈے' کے مطابق امکان ہے کہ شیخ حسینہ دہلی سے لندن روانہ ہو جائیں گی۔
ڈھاکہ میں بنگا بندھو میوزیم اور عوامی لیگ کے دفاتر نذرِ آتش
بنگلہ دیش کی وزیرِ اعظم شیخ حسینہ کے مستعفی ہونے کے بعد بھی ہزاروں مظاہرین دارالحکومت ڈھاکہ کی سڑکوں پر موجود ہیں جو میڈیا اطلاعات کے مطابق عوامی لیگ کی حکومت کے خاتمے کا جشن منا رہے ہیں۔
بنگلہ دیش کے اخبار 'ڈھاکہ ٹربیون' کے مطابق مظاہرین کے ایک گروہ نے دھان منڈی کے علاقے میں واقع بنگلہ دیش کے بانی شیخ مجیب الرحمان کے یادگاری میوزیم کو آگ لگا دی ہے۔
اخبار کے مطابق مظاہرین کے ایک اور ہجوم نے ڈھاکہ میں واقع عوامی لیگ کے ضلعی دفتر اور ایک اور پارٹی دفتر کو بھی نذرِ آتش کر دیا ہے۔
بنگلہ دیشی میڈیا پر چلنے والی کئی ویڈیوز میں مظاہرین کو شیخ مجیب الرحمان کی تصاویر اور مجسموں کو توڑتے اور نقصان پہنچاتے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
شیخ مجیب مستعفی وزیرِ اعظم شیخ حسینہ کے والد ہیں جنہیں 1971 میں پاکستان کے خلاف چلنے والی بنگلہ دیش کی تحریکِ آزادی کا قائد مانا جاتا ہے۔
ڈھاکہ: بنگلہ دیش کے بانی شیخ مجیب الرحمان کے مجسمے کی توڑ پھوڑ