بنگلہ دیش کے آرمی چیف کی سیاسی جماعتوں کے نمائندوں سے ملاقات
بنگلہ دیش کے آرمی چیف نے شیخ حسینہ کے استعفے کے پس منظر میں سیاسی جماعتوں کے نمائندوں سے ملاقات کی ہے۔
بنگلہ دیش کی فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف وقارالزمان اور سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے درمیان آرمی ہیڈ کوارٹر میں اجلاس منعقد ہوا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اجلاس میں عبوری حکومت کے قیام سے متعلق امور زیرِ بحث آئے ہیں۔ عبوری حکومت سے متعلق ہونے والے فیصلوں سے جلد صدر محمد شہاب الدین کو آگاہ کردیا جائے گا۔
اجلاس میں بی این پی، جماعتِ اسلامی سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما شریک ہوئے ہیں۔
شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق آرمی چیف جلد عبوری حکومت کی تشکیل کے لیے جلد طلبہ اور اساتذہ کے نمائندوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
ضلع شیر پور میں مشتعل ہجوم کا جیل پر دھاوا، 500 قیدی فرار
مشتعل ہجوم نے بنگلہ دیش کے شیر پور ضلع میں جیل پر حملہ کر کے توڑ پھوڑ کی ہے جس کے بعد جیل سے 500 قیدی بھی فرار ہوگئے ہیں۔
مقامی میڈیا کے مطابق مشتعل ہجوم دمدمہ کلی گنج کے علاقے میں واقع جیل میں داخل ہوگیا جس کے بعد وہاں توڑ پھوڑ کی اور جیل کا مرکزی دروازے کو بھی آگ لگا دی۔
جیل پر ہجوم کے حملے کے بعد وہاں موجود 500 قیدی فرار ہوگئے ہیں۔ اس کے علاوہ دیگر سرکاری عمارتوں اور دفاتر پر حملوں کی اطلاعات بھی موصول ہورہی ہیں۔
حکومت مخالف احتجاج کرنے والے طلبہ آج شب لائحۂ عمل کا اعلان کریں گے
حکومت کے خلاف طلبہ کی احتجاجی تحریک کے منتظمین نے آج شب تک قومی حکومت کے قیام کے لیے اپنے لائحہ عمل دینے کا اعلان کردیا ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق حکومت مخالف مظاہروں کے کی قیادت کرنے والی ’اینٹی ڈسکریمینیشن اسٹوڈنٹ موومنٹ‘ کے منتظمین میں شامل آصف محمود کا کہنا تھا کہ وہ ڈھاکہ میں پریس کانفرنس کرکے قومی حکومت سے متعلق لائحۂ عمل کا اعلان کریں گے۔
بنگلہ دیش میں سیاسی بحران؛ کب کیا ہوا؟