رسائی کے لنکس

شیخ حسینہ استعفے کے بعد بھارت میں موجود؛ ڈھاکہ میں صورتِ حال بدستورہ کشیدہ

بنگلہ دیش میں پرتشدد مظاہروں کے دوران وزیرِ اعظم شیخ حسینہ نے استعفیٰ دے دیا ہے۔ بنگلہ دیش کے آرمی چیف وقار الزمان نے وزیرِ اعظم کے استعفے کی تصدیق کرتے ہوئے ملک میں عبوری حکومت بنانے کا اعلان کیا ہے۔

15:11 5.8.2024

ملک میں ایمرجنسی یا کرفیو کی ضرورت نہیں، بنگلہ دیشی آرمی چیف

بنگلہ دیش کے آرمی چیف وقار الزمان نے کہا کہ ملک میں ایمرجنسی یا کرفیو کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ عبوری حکومت کے قیام کے لیے صدر سے ملاقات کریں گے۔

آرمی چیف نے طلبہ سے اپیل کی ہے کہ وہ پر امن رہیں۔ ہم ملک کے مسائل کا حل تلاش کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عبوری حکومت کے قیام کے لیے صدر سے بات چیت میں تمام مرکزی سیاسی جماعتوں کے نمائندے شامل ہوں گے۔

بنگلہ دیش کے آرمی چیف کا مزید کہنا تھا کہ ملک مزید بد امنی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ معیشت کو پہلے ہی نقصان پہنچ رہا ہے جب کہ بہت سے لوگ مارے جا چکے ہیں۔ اب تشدد کا راستہ روکنے کا وقت ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پرتشدد مظاہروں کے دوران جتنے لوگ بھی مارے گئے ہیں، اس معاملے کی پوری تحقیقات کی جائیں گی اور انصاف فراہم کیا جائے گا۔

16:09 5.8.2024

شیخ حسینہ کے بھارت کے شہر اگرتلہ پہنچنے کی اطلاعات

بھارتی ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا ہے کہ بنگلہ دیش کی مستعفی وزیرِ اعظم شیخ حسینہ بھارت کی شمال مشرقی ریاست تری پورہ کے دارالحکومت اگرتلہ پہنچ گئی ہیں۔

بھارت کے ٹی وی چینل 'سی این این-نیوز 18' نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت کی حکومت نے شیخ حسینہ کو 'سیف پیسج' (محفوظ راستہ) دینے کی پیشکش کی تھی۔

شیخ حسینہ پیر کو مظاہروں میں شدت آنے کے بعد ایک فوجی ہیلی کاپٹر کے ذریعے وزیرِ اعظم ہاؤس سے روانہ ہوئی تھیں۔ بعد ازاں بنگلہ دیش کے آرمی چیف جنرل وقار الزمان نے ایک پریس کانفرنس میں اعلان کیا تھا کہ وزیرِ اعظم مستعفی ہو گئی ہیں۔

16:13 5.8.2024

شیخ حسینہ کے استعفے کے بعد بنگلہ دیش میں انٹرنیٹ سروسز کی بتدریج بحالی

وزیرِ اعظم شیخ حسینہ کے مستعفی ہونے کے بعد بنگلہ دیش میں براڈبینڈ انٹرنیٹ سروس بحال ہونا شروع ہو گئی ہے البتہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز تک رسائی تاحال بند ہے۔

بنگلہ دیش کے اخبار 'دی اسٹار' کے مطابق حکومت نے پیر کی صبح مظاہروں میں شدت آنے کے بعد براڈبینڈ انٹرنیٹ سروس بھی بند کرنے کا حکم دیا تھا۔

اخبار کے مطابق ملک میں 4جی موبائل انٹرنیٹ سروس بھی بحال ہونا شروع ہو گئی ہے جسے حکومت نے اتوار کو ملک بھر میں پرتشدد مظاہروں اور ہنگامہ آرائی کے بعد بند کر دیا تھا۔

بنگلہ دیش میں اتوار کو ہونے والی ہنگامہ آرائی اور پرتشدد مظاہروں میں کم از کم 90 افراد مارے گئے تھے جس کے بعد کوٹہ سسٹم کے خلاف جاری احتجاج میں دو ہفتوں کے دوران ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 300 تک جا پہنچی تھی۔

16:51 5.8.2024

بھارت نے بنگلہ دیش کے ساتھ اپنی سرحد پر سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی

بنگلہ دیش میں آنے والی سیاسی تبدیلیوں کے بعد بھارت نے بنگلہ دیش کے ساتھ اپنی سرحد پر سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ میں آنے والی خبروں کے مطابق بھارت کی بارڈر سیکیورٹی فورس کے ڈائریکٹر جنرل کلکتہ پہنچے ہیں جہاں سے امکان ہے کہ وہ بنگلہ دیش کے ساتھ سرحدی چوکیوں کا دورہ کریں گے۔

واضح رہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان سرحد چار ہزار کلومیٹر سے زیادہ طویل ہے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG