رسائی کے لنکس

بیجنگ میں ماسک پہننے کی پابندی ختم


کرونا وائرس کے بعد کی دنیا۔ بیجنگ کے ایک معروف ریستوران میں لوگ مل کر عشائیے کا لطف اٹھا رہے ہیں۔ 18 اگست 2020
کرونا وائرس کے بعد کی دنیا۔ بیجنگ کے ایک معروف ریستوران میں لوگ مل کر عشائیے کا لطف اٹھا رہے ہیں۔ 18 اگست 2020

چین کے دارالحکومت بیجنگ میں گزشتہ 13 روز سے کرونا وائرس کا کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا، جس کے بعد صحت کے حکام نے بیجنگ کے رہائشیوں کو ماسک پہننے کی پابندی سے آزاد کر دیا ہے۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کا کہنا ہے کہ ماسک پہننے کی پابندی اٹھانے کے ساتھ ساتھ کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے سے متعلق عائد دیگر پابندیوں میں بھی نرمی کی جا رہی ہے۔

ماسک کی پابندی کے خاتمے کے باوجود جمعے کو بیجنگ کے اکثر شہری ماسک کے ساتھ ہی اپنے گھروں سے باہر نکلے۔

کچھ لوگوں کا کہنا تھا کہ ماسک پہننے سے وہ خود کو محفوظ تصور کرتے ہیں، جب کہ کئی افراد نے یہ بھی کہا کہ وہ معاشرتی دباؤ کی وجہ سے اب بھی ماسک پہن رہے ہیں۔

بیجنگ میں رہنے والی 24 سالہ کاؤ نے 'رائٹرز' کو بتایا کہ میں جب چاہوں ماسک چھوڑ سکتی ہوں۔

یہ دوسرا موقع ہے کہ بیجنگ کے محکمہ صحت نے دارالحکومت میں فیس ماسک کی پابندی میں نرمی کا اعلان کیا ہے۔

'میونسپل سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول' نے پہلی مرتبہ اپریل کے آخر میں بیجنگ میں ماسک کی پابندی میں نرمی کا اعلان کیا تھا، لیکن جون میں شہر کے جنوبی حصے کی ایک بڑی ہول سیل مارکیٹ میں کرونا وائرس پھیلنے کے بعد دوبارہ ماسک کی پابندی کے احکامات جاری کر دیے گئے تھے۔

چین میں بیجنگ، سنکیانگ اور دیگر شہروں میں وبائی مرض پر قابو پانے کے بعد سے اب تک کرونا وائرس کی مقامی طور پر منتقلی کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ وبائی مرض پر قابو پانے میں سخت تر پابندیوں، لازمی ماسک پہننے، گھروں تک محدود رہنے اور بڑے پیمانے پر فاصلہ قائم رکھنے نے اہم کردار ادا کیا ہے۔

وائرس کے آغاز کے بعد سے اب تک چین میں مجموعی طور پر 84 ہزار 917 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG